نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن پاکستان اور بلوچستان اپنے میچز میں کامیاب

04 اکتوبر 2020
مسلسل چوتھے میچ میں شکست کے بعد سدرن پنجاب کی ایونٹ میں مشکلات بڑھ گئی ہیں — فوٹو: پی سی بی
مسلسل چوتھے میچ میں شکست کے بعد سدرن پنجاب کی ایونٹ میں مشکلات بڑھ گئی ہیں — فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن پاکستان نے سندھ کو 13 رنز جبکہ بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 16 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ناردرن پاکستان اور سندھ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا۔

ناردرن پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد علی عمران 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد حیدر علی نے ذیشان ملک کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 139 کے مجموعے پر 35 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ذیشان ملک نے 52 گیندوں پر 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، 169 کے مجموعی اسکور پر سہیل خان نے انہیں بولڈ کیا۔

کپتان شاداب خان 15 اور آصف علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر امین اور محمد نواز بالترتیب 20 اور 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ناردرن پاکستان نے مقرر اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں سندھ کا آغاز اچھا نہ تھا اور جارح مزاج شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد خرم منظور اور اعظم خان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، اعظم خان نے 28 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی کس کے بعد 83 کے مجوعے پر شاداب خان نے انہیں آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن پاکستان کی سینٹرل پنجاب کے خلاف فتح

خرم منظور نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 52 گیندوں پر 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ان کے یہ رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

سندھ کی ٹیم مقرر اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔

انور علی 37، کپتان سرفراز احمد 11 اور احسن علی 4 رنز بنا سکے۔

ناردرن پاکستان کے شاداب خان، محمد نواز اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار بلے بازی پر ذیشان ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سدرن پنجاب کو مسلسل چوتھی شکست

قبل ازیں اتوار کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 16 رنز سے ہرا دیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر امام الحق نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا، 54 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے تاہم وہ 6 رنز کی دوری سے سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے اور 94 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

انہوں نے کپتان حارث سہیل اور وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان کے ساتھ بالترتیب 97 اور 80 رنز کی شراکت قائم کی۔

حارث سہیل 27 گیندوں پر 53 اور بسم اللہ خان 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اننگز کے اختتام پر عماد بٹ کی 7 گیندوں پر 22 رنز ناٹ آؤٹ کی برق رفتار اننگز کی بدولت بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے۔

سدرن پنجاب کے حسین طلعت، محمد عرفان اور راحت علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں 47 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 2 وکٹیں گنوانے کے بعد سدرن پنجاب کے مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ اور کپتان شان مسعود نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 103 رنز کی شراکت قائم کی۔

خوشدل شاہ نے 34 گیندوں پر 72 اور شان مسعود نے 42 گیندوں پر 72 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: خبیر پختونخوا، سندھ کی شاندار فتح

دونوں بلے بازوں کی شاندار کارکردگی اور ٹیم کو فتح کے قریب لانے کے باوجود دیگر کھلاڑی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرا سکے اور سدرن پنجاب کی ٹیم مقرر اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز ہی بنا سکی۔

اس طرح بلوچستان نے سدرن پنجاب کو میچ میں 16 رنز سے شکست دی۔

حسین طلعت اور بلاول بھٹی 14، 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ زاہد محمود 6 اور عمر صدیق 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلوچستان کے عاکف جاوید نے 3 جبکہ عماد بٹ، کاشف بھٹی اور عمر گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

94 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مسلسل چوتھے میچ میں شکست کے بعد سدرن پنجاب کی ایونٹ میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں