بھارت کے معاشی حب ممبئی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2020
گرڈ بند ہونے کی وجہ سے ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں بجلی بند ہوئی— فوٹو: رائٹرز
گرڈ بند ہونے کی وجہ سے ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں بجلی بند ہوئی— فوٹو: رائٹرز

بھارت کے معاشی حب ممبئی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں بڑے گرڈ میں خرابی کے باعث ایک بڑے علاقے کی بجلی بند ہوگئی۔

واضح رہے کہ یہ 2 سال سے زائد عرصے میں اس طرح کا ہونے والا پہلا بلیک آؤٹ ہے جس کی وجہ سے ہزاروں مسافر ٹرینیں اور کالج کے امتحانات تاخیر کا شکار ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے وزیر توانائی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ بجلی کی عدم فراہمی، بحالی کے کام کے دوران ہونے والے ’تکنیکی مسائل‘ کی وجہ سے ہوئی۔

علاوہ ازیں حکام اور عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اب شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔

مزید یہ کہ ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ملک کے 2 بڑے اسٹاک ایکسچینج نیشنل اسٹاک ایکسچینج اور بی ایس ای نے بتایا کہ وہ معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت، داعش کے گٹھ جوڑ سے عالمی سطح پر دہشت گردی کی کارروائیوں کا انکشاف

دوسری جانب برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ ایجنسی کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’گرڈ بند ہونے کی وجہ سے ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں بجلی معطل ہوئی‘۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی

2 کروڑ سے زائد آبادی کے شہر کو بجلی فراہم کرنے والے 2 پاور سپلائرز اڈانی پاور لمیٹڈ اور ٹاٹا پاور کمپنی لمیٹڈ بھی اس بندش سے متاثر ہوئے۔

مزید یہ کہ ریاست کی حکومت نے سپلائرز سے کہا کہ وہ ہسپتالوں کو بجلی کی بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائیں کیونکہ ان میں سے بیشتر ہسپتالوں میں کووڈ 19 کے مریض زیرِ علاج ہیں۔

بھارت میں ہسپتالوں اور دیگر اداروں نے بجلی کی مسلسل بندش کی وجہ سے متبادل انتظام کے طور پر ایمرجنسی ڈیزل جنریٹر رکھ لیے ہیں حالانکہ صورتحال اب بہتر ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ہر 16 منٹ میں ایک خاتون کا ’ریپ‘

واضح رہے کہ ممبئی کی ٹرینیں عموماً مسافروں سے بھری ہوتی ہیں، ان ٹرینوں کے ذریعے روزانہ 70 لاکھ افراد اپنے دفاتر اور فیکٹریوں کو جاتے ہیں لیکن وبائی مرض کووڈ 19 کی وجہ سے اس میں کمی کردی گئی تھی جس کی وجہ سے مسافروں کی تعداد معمول سے کہیں کم ہے۔

دوسری جانب محکمہ ریلوے نے کہا کہ ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے تاہم سوشل میڈیا، ریلوے اسٹیشن اور ٹرینوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تصاویر اور پوسٹس سے بھرا ہوا نظر آیا۔

مزید برآں بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کا کہنا تھا کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے ممبئی کے کالجوں میں آن لائن ہونے والے فائنل امتحانات کو ملتوی کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں