’میلوڈی کنگ‘ کمار سانو کورونا کا شکار ہوگئے

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2020
کمار سانو کو 1990 کی دہائی کا مقبول ترین گلوکار مانا جاتا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
کمار سانو کو 1990 کی دہائی کا مقبول ترین گلوکار مانا جاتا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

برصغیر پاک و ہند میں مقبول گلوکار اور ’میلوڈی بادشاہ‘ کہلائے جانے والے بھارتی گلوکار 62 سالہ کمار سانو بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق کمار سانو اپنی سالگرہ کی مناسبت کے حوالے سے امریکا روانہ ہوئے تھے مگر بدقسمتی سے ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار کے آفیشل پیج پر کمار سانو میں کورونا کی تشخیص کا بتایا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان کی طبیعت کیسی ہے؟

کمار سانو کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کی ٹیم کی جانب سے مداحوں کو گلوکار کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی گئی۔

کمار سانو کے فیس بک پیج پر 15 اکتوبر کو ان میں کورونا کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی گئی جب کہ گلوکار کو 17 اکتوبر تک امریکا روانہ ہونا تھا، جہاں ان کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ رہتے ہیں۔

کمار سانو کو اپنی سالگرہ منانے کے لیے امریکا روانہ ہونا تھا تاہم اب خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ صحت یابی کے بعد نومبر کے وسط تک امریکا جا سکیں گے، لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ کب تک صحت یاب ہوں گے۔

کمار سانو کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہے یا انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کمار سانو نے 17 سال بعد زندگی کا اہم راز بتادیا

تاہم سوشل میڈیا پر ان کی طبیعت کے حوالے سے افواہیں چل رہی ہیں کہ ان میں کورونا کی شدید علامات ہیں لیکن ایسی خبروں کی ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

کمار سانو سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات، موسیقار اور گلوکار بھی کورونا کا شکار ہوچکے تھے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کمار سانو سے قبل معروف گلوکار شریپتی پنڈترادھیول بالسوبرامنیم المعروف ایس پی بالا میں بھی اگست میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ 25 ستمبر کو کورونا سمیت دیگر بیماریوں کے باعث چل بسے تھے۔

اس وقت کورونا کے حوالے سے بھارت سب سے بڑے متاثرہ ممالک میں ہے اور وہاں یومیہ 55 ہزار 60 ہزار تک نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور وہاں 18 اکتوبر کی شام تک مریضوں کی تعداد 75 لاکھ کے قریب جب کہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار سے بڑھ چکی تھی۔

کمار سانو حالیہ دن میں کلرز ٹی وی کے ایک میوزیکل پروگرام میں دکھائی دیے تھے، جن میں وہ دیگر لیجنڈ گلوکاروں بپی لہری، اڈت نارائن اور ایلکا یاگنک سمیت دیگر گلوکاروں کے ساتھ پرفارمنس کرتے دکھائی دیے تھے۔

کمار سانو کو 1990 کی دہائی کا مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے اور اب تک وہ 21 ہزار سے زائد گانے گا چکے ہیں، انہیں ان کی خوبصورت آواز کی وجہ سے ’میلوڈی بادشاہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کمار سانو نے گلوکاری کا آغاز 1990 سے قبل کیا تھا، تاہم وہ 90 کی دہائی کی رومانوی فلموں کے معروف گانوں کی آواز بن گئے تھے۔

کمار سانو نے ہندی سمیت مراٹھی،اسامی، تیلگو، گجراتی، مراٹھی، تامل، پنجابی، سندھی، انگریزی، بنگالی اور اسپینش زبان میں بھی گانے گائے ہیں اور ان کے پاس ایک ہی دن میں 28 گانوں کو گانے کا ریکارڈ بھی ہے۔

شاندار گلوکاری کے باعث انہوں نے درجنوں ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں جب کہ ان کا بیٹا جان کمار بھی گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار ہے جب کہ ان کی بیٹی شینن کمار بھی گلوکاری کرتی ہیں۔

ان کی اہلیہ سلونی بچوں کے ہمراہ امریکا میں رہتی ہیں، تاہم ان دنوں کا ان کا بیٹا جان کمار بھارت میں ہے اور وہ معروف متنازع ریئلٹی شو بگ باس کے 14 ویں سیزن کا حصہ بنے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں