کراچی: شیریں جناح کالونی میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، 5 افراد زخمی

20 اکتوبر 2020
شیراز نذیر نے کہا کہ  دھماکہ خیز مواد میں پیلٹس کا استعمال کیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز
شیراز نذیر نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد میں پیلٹس کا استعمال کیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی شیراز نذیر نے کہا کہ دھماکا ایک دکان کے باہر بس ٹرمنل کے قریب ہوا جس میں 5 افراد زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

شیراز نذیر کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد میں پیلٹس کا استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی دھماکے کے ہدف سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

مزید پڑھیں: کراچی: جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملہ، 30 سے زائد افراد زخمی

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا کہ دھماکا بس ٹرمینل کے گیٹ پر ہوا، تقریباً ایک کلو دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر سائیکل میں نصب تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور دھماکے کے لیے ممکنہ طور پر ٹائمر ڈیوائس لگائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران شہر قائد میں دستی اور کریکر بم کے دھماکوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

5 اگست کو کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملے میں 33 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ایس ایس پی شرقی ساجد سدوزئی نے کہا کہ ریلی میں 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے آر جی ڈی ون گرینیڈ پھینکا اور فرار ہوگئے، جبکہ یہ پلانٹڈ بم دھماکا نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: دستی بم حملے میں رینجرز کے سابق افسر جاں بحق

اسی روز کورنگی کے علاقے میں کریکر حملے کے دوسرے واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے کہا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کورنگی کے علاقے میں ناصر پمپ کے قریب ایک اسٹیٹ ایجنسی پر دیسی ساختہ دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں