حکومت کا اپوزیشن کے ‘ریاست مخالف بیانیے‘ کا پوری طاقت سے مقابلے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 03 نومبر 2020
وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت کی—فائل فوٹو: عمران خان فیس بک
وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت کی—فائل فوٹو: عمران خان فیس بک

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہرمحاذ پر اپوزیشن کے ’ریاست مخالف بیانیے‘ کا پوری طاقت سے مقابلہ کرنے اور اپوزیشن اراکین پر کرپشن کیسز کو بھی سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی ٹاک شوز میں پارٹی کی نمائندگی کرنے والے پی ٹی آئی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ ان کی حکومت اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف مہم کے ذریعے شروع کیے گئے دباؤ سے شکست نہیں کھائے گی اور وہ کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے شرکا نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حالیہ متنازع بیانات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اسے ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ’پی ڈی ایم مہم کے مقابلے‘ میں جلسوں کا منصوبہ

شرکا کا مؤقف تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اب اپنا مؤقف تبدیل کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے یہ کہنا شروع کردیا کہ سابق اسپیکر نے درحقیقت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف بات کی تھی، کسی ادارے کے خلاف نہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ شرکا نے یہ محسوس کیا کہ ریاست کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے خلاف کچھ کارروائی کرنی چاہیے۔

دوران اجلاس شرکا کی رائے تھی کہ کچھ ’مجرمان‘، ’ریاست مخالف بیانیہ‘ قائم کرکے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف سیاسی اور میڈیا کے حلقوں کی جانب سے سیاسی ڈائیلاگ اور بات چیت کی ضرورت سے متعلق آنے والے بیانات اور تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاہم وزیراعظم عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی روابط میں کوئی نقصان نہیں لیکن یہ ملک اور ریاست کی قیمت پر نہیں کیے جاسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام اپوزیشن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے، مولانا فضل الرحمٰن

عمران خان نے ریاستی اداروں کو مزید مضبوط کرنے اور ان پر اپوزیشن کے حملے کو ناکام بنانے پر زور دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ملک کے مختلف حصوں میں جلسوں کے جواب میں کچھ پروگرام کا منصوبہ ہے۔

اسی سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کا 7 نومبر کو حافظ آباد میں جلسے سے خطاب بھی متوقع ہے جبکہ مذکورہ پروگرام کے لیے تیاریاں پہلے ہی شروع کردی گئی ہیں۔


یہ خبر 03 نومبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں