لاہور: جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں 16 سال قید

11 نومبر 2020
یحییٰ مجاہد کو ایک اور مقدمہ 29/19 میں بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
یحییٰ مجاہد کو ایک اور مقدمہ 29/19 میں بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں سزائیں سنا دیں جبکہ پانچ رہنماؤں پر 5 مقدمات میں فرد جرم بھی عائد کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں مقدمہ نمبر 24/19 کی سماعت ہوئی، جس میں پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو مجموعی طور پر 16، 16 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔

اسی طرح یحییٰ مجاہد کو ایک اور مقدمہ 29/19 میں بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اے ٹی سی نمبر 3 میں ہی جماعت الدعوۃ کے 5 رہنماؤں پر مزید 6 مقدمات میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، یحییٰ مجاہد اور لقمان شاہ کو جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: جماعۃ الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں قید کی سزائیں

عدالت نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 15/19، 21/19، 22/19، 27/19، 31/19 اور 42/19 میں ان رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے اگلی سماعت 16 نومبر کو مقرر کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں جماعت الدعوۃ کے رہنما محمد اشرف کے خلاف درج مقدمہ نمبر 40/19 کی بھی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جارہے ہیں، جبکہ نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کا عمل جاری ہے۔

جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو عدالت پیش کئے جانے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ 5 نومبر کو بھی اے ٹی سی نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو 2 مزید مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں۔

خیال رہے کہ 13 اگست 2020 کو لاہور ہائیکورٹ نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور زمینوں پر قبضے کے کیس میں جماعت الدعوۃ کے 2 رہنماؤں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے تھے۔

مزید پڑھیں: دہشتگردوں کی مالی معاونت کے کیس میں جماعت الدعوۃ کے 2 رہنماؤں کی سزائیں معطل

عدالت عالیہ کے جسٹس اسجد جاوید گورال اور جسٹس وحید خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے جماعت الدعوۃ کے رہنما حافظ عبدالرحمٰن مکی اور حافظ عبدالسلام کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

اس سے قبل 18 جون کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کیسز میں جماعت الدعوۃ کے 4 رہنماؤں کو سزا سنائی تھی۔

یاد رہے کہ سی ٹی ڈی نے 2015 میں مذکورہ مجرمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشنز 11-ایف(2)(5)(6)، 11-ایچ(2)، ایچ-آئی، 11-این اور جے-2 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔

قبل ازیں 12 فروری 2020 کو اے ٹی سی نمبر ایک نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حاٖفظ محمد سعید اور ملک ظفر اقبال کو 5، 5 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں