ساہیوال: پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی (پی ڈبلیو پی اے) نے پاکستان پوسٹ کی خاتون افسر کو تھپڑ مارنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلعی انفارمیشن سیکریٹری میاں نوید اسلم کی ادارہ تحفظ خواتین کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کے عہدے پر تعیناتی کا نوٹی فکیشن منسوخ کردیا۔

پی ڈبلیو پی اے کے ڈائریکٹر جنرل ارشد وحید کی جانب سے مذکورہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

مزید پڑھیں: خاتون کو تھپڑ مارنے کے ملزم پی ٹی آئی رہنما خواتین کے تحفظ کے ادارے میں ہی تعینات

واضح رہے کہ میاں نوید اسلم کو 16 اکتوبر کو ادارہ تحفظ خواتین ساہیوال کا ضلعی کوآرڈینیٹر تعینات کیا گیا تھا۔

نوٹی فیکشن کا عکس
نوٹی فیکشن کا عکس

اس سے قبل پی ڈبلیو پی اے کی چیئرپرسن کنیز فاطمہ چڈھر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ نوید اسلم کے کیس سے متعلق آگاہ نہیں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے تقرر سے متعلق پہلے ہی فیصلہ کرلیا گیا تھا لیکن اس کا نوٹی فکیشن اکتوبر میں جاری کیا گیا تھا اور مزید یہ کہ اس تعیناتی کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پوسٹ کی خاتون افسر صوفیہ قاسم نے نوید اسلم کی متنازع تعیناتی پر کہا تھا کہ وہ انصاف کے لیے حکام سے رجوع کرنے پر غور کر رہی ہیں، وہ انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں اور اُمید ہے کہ انہیں عدالت سے انصاف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ساہیوال: جی پی او افسر کو 'تھپڑ' مارنے والے پی ٹی آئی رہنما کی حمایت میں بینرز آویزاں

ان کے وکیل فضل کریم نے نوید اسلم پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے کیس پر اثر انداز ہونے کے لیے اپنی سیاسی پوزیشن کا غلط استعمال کیا اور ان کی نئی تعیناتی بھی اسی طرح کی ہی کوشش ہے۔

واضح رہے کہ میڈیا میں میاں نوید کی تقرری پر بڑے پیمانے پر سوال اٹھایا گیا تھا کہ جو خود ایک سینئر سرکاری ملازم کے خلاف تشدد کا مرتکب ہو وہ شخص خواتین کے حقوق کا محافظ کیسے ہوسکتا ہے؟

خیال رہے کہ 24 ستمبر کو جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) میں سینئر خاتون پوسٹ ماسٹر (ایس پی ایم) افسر صوفیہ قاسم کو تھپڑ مارنے اور بدتمیزی کرنے پر غلہ منڈی پولیس نے نوید اسلم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، بعد ازاں انہیں اسی دن جائے وقوع سے گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم اگلے دن انہیں عدالت سے ضمانت مل گئی تھی اور اب تک وہ ضمانت پر ہیں۔

ان پر 3 قابل ضمانت دفعات سیکشن 186، 506، 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور وہ اگلے ہی روز ضمانت پر رہا ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: لڑکی کو تھپڑ مارنے پر پولیس اہلکار کی مختصر گرفتاری

بعد ازاں 28 ستمبر کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں ای این ٹی سرجن کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ کے اجرا کے بعد دفعہ 336، 337 (ایل 2) اور 452 کے تحت ناقابل ضمانت دفعات کو ایف آئی آر میں شامل کیا گیا تھا جس کے بعد نوید اسلم کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں