پوپ فرانسس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ماڈل کی تصویر ’لائیک‘ کیے جانے پر تفتیش

20 نومبر 2020
پوپ فرانسس کا اکاؤنٹ ملازمین چلاتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پوپ فرانسس کا اکاؤنٹ ملازمین چلاتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے برازیلی ماڈل کی تصویر کو لائیک کیے جانے پر تنازع ہونے کے بعد ویٹی کن سٹی نے معاملے کی تفتیش کا اعلان کردیا۔

برطانوی اخبار دی گارجین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پوپ فرانسس کے نام سے بنے ہوئے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے برازیلی ماڈل نتالیا گریبوتو کی اسکولی یونیفارم کی تصویر کو لائیک کیا تھا۔

پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے برازیلی ماڈل کی تصویر کو لائیک کیے جانے کی خبریں گزشتہ ہفتے سامنے آئی تھیں، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ برازیلی ماڈل کی تصویر کو کب پسند کیا گیا تھا۔

برازیلی ماڈل نتالیا گریبوتو کی نیم عریاں تصویر کو ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پسند کیا گیا تھا، جہاں پر تصویر کو چند ہفتے قبل لوڈ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ فرانسس کا ہم جنس پرستوں کے لیے قانونی تحفظ کا مطالبہ

انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی گئی تصویر کو پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے لائیک کیا گیا تو ان کا نام لائیک کرنے والوں میں نمایاں ہوا، جس کے اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔

ماڈل کی تصویر پر 13 نومبر تک پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ کا نام لائیک کرنے والے افراد میں دکھائی دیتا رہا—اسکرین شاٹ
ماڈل کی تصویر پر 13 نومبر تک پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ کا نام لائیک کرنے والے افراد میں دکھائی دیتا رہا—اسکرین شاٹ

پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے برازیلی ماڈل کی تصویر کو لائیک کرنے پر خبریں سامنے آنے کے بعد پاپائیت کے مرکز ویٹی کن سٹی نے مذکورہ معاملے پر تفتیش کرنے کا اعلان کردیا۔

دی گارجین نے اپنی رپورٹ میں کیتھولک نیوز ایجنسی (سی این اے) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ویٹی کن پریس دفتر نے واضح کیا کہ پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے ماڈل کی تصویر کو پسند کیے جانے کے معاملے پر تفتیش ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماڈل کی تصویر پر لائیک کرنے والے افراد اور پیجز میں 13 نومبر تک پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ کا نام بھی نظر آتا رہا، تاہم بعد ازاں مذکورہ تصویر کو ان لائیک کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ’ہم جنس پرستی‘ سے متعلق پوپ فرانسس کے بیان کو غلط رخ دیا گیا، ویٹی کن

پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے اپنی تصویر کو پسند کیے جانے کے بعد برازیلی ماڈل نتالیا گریبوتو نے مزاحیہ انداز میں بیان دیا کہ اب انہیں یقین ہوگیا کہ وہ کم از کم جنت میں ضرور جائیں گی۔

ماڈل کی تصویر کو پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ سے لائیک کیے جانے پر دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں میں غم و غصے کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔

کئی لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ پوپ فرانسس کے آفیشل اکاؤنٹ کو چلانے والے افراد کو نوکری سے فارغ کردیا جائے۔

خیال رہے کہ پوپ فرانسس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ملازمین کی ایک ٹیم چلاتی ہے اور مذکورہ پیج کے 74 لاکھ فالوورز ہیں۔

اسی طرح پوپ فرانسس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بھی ملازمین چلاتے ہیں، جس کے ایک کروڑ 80 لاکھ فالوورز ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں