’ہم جنس پرستی‘ سے متعلق پوپ فرانسس کے بیان کو غلط رخ دیا گیا، ویٹی کن

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2020
ہم جنس پرست افراد کے حق میں بیان دینے پر پوپ فرانسس پر تنقید بھی کی جا رہی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
ہم جنس پرست افراد کے حق میں بیان دینے پر پوپ فرانسس پر تنقید بھی کی جا رہی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

پاپائیت کے مرکز ویٹی کن سٹی نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے آخر میں ہم جنس پرستی اور ہم جنس پرست افراد کی شادی سے متعلق پوپ فرانسس کے بیان کی وضاحت کردی۔

ویٹی کن سٹی کے ترجمان نے جاری وضاحتی بیان میں دعویٰ کیا کہ پوپ فرانسس کے ہم جنس پرستوں سے متعلق بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے سمیت ان کے بیان کو غلط رخ دیا گیا۔

تھومس رائٹرز فاؤنڈیشن کے مطابق ویٹی کن سٹی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ 21 اکتوبر کو پیش کی گئی پوپ فرانسس کی دستاویزی فلم کے کچھ حصے کاٹ دیے گئے تھے۔

بیان میں بتایا گیا کہ پوپ فرانسس دستاویزی فلم میں سوالوں کے جواب دے رہے تھے اور انہوں نے ایک سوال کے جواب میں ہم جنس پرست افراد کی شادی کی مذمت کی اور اس قدم کو غلط قرار دیا مگر ان کے مذکورہ بیان کو نشر نہیں کیا گیا۔

ویٹی کن سٹی کے بیان کے مطابق پوپ فرانسس نے دستاویزی فلم میں واضح طور پر ہم جنس پرست افراد کی شادی کی حوصلہ شکنی کی تھی اور اس عمل کو غلط قرار دیا تھا مگر ان کے مذکورہ جملوں کو نہیں دکھایا گیا۔

پوپ فرانسس نے ہم جنس پرست افراد کے لیے تحفظ کے قوانین بنانے کا مطالبہ بھی کیا تھا—فوٹو: فرانسس فیس بک
پوپ فرانسس نے ہم جنس پرست افراد کے لیے تحفظ کے قوانین بنانے کا مطالبہ بھی کیا تھا—فوٹو: فرانسس فیس بک

تاہم بیان میں تسلیم کیا گیا کہ پوپ فرانسس نے ہم جنس پرست افراد کے لیے کچھ سماجی ضوابط و قوانین بنانے کی حمایت کرتے ہوئے بعض ممالک کے حوالے دیے، جہاں پر ہم جنس پرست افراد کو صحت سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں۔

بیان کے مطابق پوپ فرانسس نے ہم جنس پرست افراد کو سماجی حقوق دینے کا مطالبہ کیا مگر انہوں نے ان کی شادی یا خاندان بنانے کی حمایت نہیں کی اور اس ضمن میں ان کے بیان کو غلط رخ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پوپ فرانسس کا ہم جنس پرستوں کے لیے قانونی تحفظ کا مطالبہ

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 21 اکتوبر کو اٹلی کے شہر روم میں ہونے والے روم فلم فیسٹیول میں پوپ فرانسس کی دستاویزی فلم 'فرانسسکو' نشر کی گئی تھی، جس میں پوپ فرانسس نے کہا تھا کہ وہ ہم جنس پرست افراد کے قانونی و سماجی تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاپائیت کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا کہ ہم جنس پرست افراد کو بھی ایک خاندان کی طرح رہنے کا حق حاصل ہے اور ایسے جوڑوں کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔

پوپ فرانسس کے مطابق ہم نے معاشرے میں ہر طرح کے سول قوانین و ضوابط بنا رکھے ہیں، ہم جنس افراد کے لیے بھی قوانین بنائے جائیں اور وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پوپ فرانسس کے مذکورہ بیان کے بعد ان پر شدید تنقید بھی کی جا رہی تھی جب کہ ان کے بیان کو مسیحیت اور چرچ کے نظریے کے خلاف تصور کیا جا رہا تھا۔

تاہم اب پاپائیت یعنی مسیحیوں کے مرکز ویٹی کن سٹی کے دفتر سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ پوپ فرانسس کے بیان کو غلط سمجھا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں