منگنی سے قبل جعلی ویڈیوز وائرل ہونے پر بختاور بھٹو زرداری برہم

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2020
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر کو ہوگی—فائل فوٹو: فیس بک
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر کو ہوگی—فائل فوٹو: فیس بک

رواں ماہ 15 نومبر کو اگرچہ سابق صدر آصف علی زرداری نے تصدیق کی تھی کہ ان کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر کو ہوگی۔

تاہم اس کے باوجود بختاور بھٹو زرداری کی منگنی سے قبل ہی جعلی ویڈیوز کو وائرل کرکے انہیں بختاور بھٹو کی منگنی کی ویڈیوز قرار دیا گیا۔

منگنی سے قبل ہی منگنی کی جھوٹی ویڈیوز وائرل کیے جانے پر بختاور بھٹو زرداری نے اظہار برہمی کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں واضح کیا کہ ان ویڈیوز کا ان سے کوئی لینا دینا نہیں۔

بختاور بھٹو زرداری نے 25 نومبر کو اپنی ایک ٹوئٹ میں انیس جیلانی نامی ٹوئٹر صارف کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو کی ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے ویڈیو کو جھوٹا قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تیاریاں شروع

سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی نے اپنی مختصر ویڈیو میں جعلی ویڈیوز پر افسردہ ہوتے ہوئے لکھا کہ اگر کسی بھی شخص کو پڑھنا نہیں آتا تو وہ کم از کم مذکورہ ویڈیو میں ان کی اور ان کے اہل خانہ کی غیر موجودگی پر تو غور کرے۔

بختاور بھٹو زرداری نے لکھا کہ ان کی منگنی کے کارڈ پر منگنی کی تقریب کی تاریخ واضح طور پر 27 نومبر لکھی ہوئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن نے واضح کیا کہ مذکورہ جعلی ویڈیو سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

بختاور بھٹو زرداری کی مذکورہ ٹوئٹ پر بعد ازاں انیس جیلانی نامی وکیل و لکھاری نے بھی معذرت کی اور بتایا کہ انہوں نے مذکورہ جعلی ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔

مزید پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر کون ہیں؟

انیس جیلانی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری سے معافی مانگتے ہوئے ان کی منگنی اور نئی زندگی پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ایک دن بعد 27 نومبر کو صنعت کار محمد یونس چوہدری کے بیٹے 32 سالہ محمود چوہدری سے بلاول ہاؤس میں ہوگی اور اس ضمن میں انتظامات کو مکمل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

جعلی ویڈیو پوسٹ کرنے والے صارف نے بختاور بھٹو سے معافی بھی مانگ لی—اسکرین شاٹ
جعلی ویڈیو پوسٹ کرنے والے صارف نے بختاور بھٹو سے معافی بھی مانگ لی—اسکرین شاٹ

بختاور بھٹو کی منگنی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے کورونا کا منفی ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ تقریب کو انتہائی محدود اور سادہ رکھنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی خبر سامنے آتے ہی ان کے منگیتر کے حوالے سے پاکستانی سوشل میڈیا اور قومی میڈیا میں مختلف طرح کی خبریں نشر ہو رہی تھیں، جن پر بھی پی پی پی کی جانب سے وضاحت سامنے آئی تھی اور بختاور کے منگیتر کے حوالے سے نشر یا شائع ہونے والی زیادہ تر خبروں کوجھوٹا قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو منگنی پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہننے کی خواہاں

خبریں ہیں کہ بختاور بھٹو زرداری منگنی کے موقع پر اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی جانب سے نکاح پر پہنے گئے گلابی و ہرے رنگ کے لباس جیسا لباس پہنیں گی۔

اس حوالے سے کراچی کے فیشن ہاؤس 'ریشم رواج' نے کچھ دن قبل اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ہی بینظیر بھٹو کا نکاح کا لباس تیار کیا تھا اور اب وہی بختاور بھٹو زرداری کا منگنی کا لباس بھی تیار کریں گے۔

تاہم اس حوالے سے بختاور بھٹو زرداری، بلاول ہاؤس یا پی پی پی کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔

خبریں ہیں بختاور منگنی پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہنیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
خبریں ہیں بختاور منگنی پر والدہ کے نکاح جیسا لباس پہنیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں