لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا، بنی گالا میں چھپے کورونا کا علاج کریں گے، رانا ثنا اللہ

05 دسمبر 2020
ارشد ملک کا انتقال ہوچکا، ان کو اب اور ارشد ملک نہیں ملیں گے، رہنما مسلم لیگ (ن) - فوٹو:ڈان نیوز
ارشد ملک کا انتقال ہوچکا، ان کو اب اور ارشد ملک نہیں ملیں گے، رہنما مسلم لیگ (ن) - فوٹو:ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا، بنی گالا میں چھپے کورونا کو نکال کر اس کا علاج کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ' جعلی مقدمے میں مجھے گرفتار کرنے کے بعد فیصل آباد سے منشیات میں گرفتار ہر شخص کو بلا کر میرے خلاف بیان دلوانے کی کوشش کی گئی، شفاف تحقیقات میں جو چیز میرے حق میں ہے اسے بھی پیش کیا جانا چاہیے تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ارشد ملک اب فوت ہوچکے ہیں، انکو اب اور ارشد ملک نہیں ملیں گے، اسپیشل کورٹس میں بیٹھے سارے ججز کو یہ ارشد ملک بنانے کی کوشش کررہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ ان کی ریکی کرتے ہیں، ان کے اثاثوں سے متعلق انکوائری کرتے ہیں اور اگر کوئی ان کی بات نہ مانے تو یہ واٹس ایپ پر اسے تبدیل کردیتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا، فردوس عاشق اعوان

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 'حکومت کے اندھے انتقام کی تکمیل کے لیے اسپیشل کورٹس سے سب کچھ ہوسکتا ہے تاہم یہاں سے کسی کو احتساب نہیں مل سکتا'۔

انہوں نے کہا کہ 'پہلے کہتے تھے 2 ارب روپے کی جائیداد آسٹریلیا میں ہے اب صرف 14 کروڑ پر آگئے ہیں، اس سے زیادہ تو میں نے دس سالوں میں کمائی ظاہر بھی کی ہے اور ٹیکس بھی دیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک پراپرٹی میری سامنے نہیں لاسکے ہیں، میرے سارے اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں یہاں تک کہ قومی اسمبلی میں اکاؤنٹ بھی منجمد کرلیے گئے ہیں شاید اسد قیصر منشیات کا کوئی کاروبار کرتے ہیں اور وہ پیسے میرے اکاؤنٹ میں بھیجتے ہیں'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں جلسہ نہیں ورکرز کنونشن تھا، دو ایف آئی آر کاٹی گئیں جن میں لکھا ہے کہ ایک شخص ورکرز کنونشن کی تشہیر کر رہا ہے اور وہاں زیادہ لوگ اکٹھا ہوں گے جو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی، یہ سب مفروضے کی بنیاد پر تھا۔

13 دسمبر کو لاہور جلسے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'مینار پاکستان ضرور بھرے گا، پورے ملک سے لوگ لاہور کا رخ کریں گے اور اپوزیشن کی تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان صاحب کئی سالوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے، اب عمران خان کورونا کے پیچھے یا جدھر مرضی چھپ جائیں ہم اب آپ کو نہیں چھوڑیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد ہیں اور ان کی بات ہمارے لیے حکم کا درجہ رکھتی ہے، کثیر الجماعتی کانفرنس میں نواز شریف نے عہد کیا تھا کہ لیگی پارلیمانی رہنما استعفیٰ دینے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ تجویز دی جاچکی ہے اب پی ڈی ایم فیصلہ کرے تو مسلم لیگ (ن) کے استعفے حاضر ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 13 دسمبر سے قبل گرفتاریاں ہوئیں تو نتائج بہت گہرے ہوں گے، رانا ثنااللہ

نواز شریف کے لندن سے بیٹھ کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف جس طرح لندن سے قیادت کر رہے ہیں اس سے بہتر کوئی قیادت کرنہیں سکتا، ہماری درخواست ہے کہ وہ وہاں اپنا علاج مکمل کرائیں اور وہیں سے ان لوگوں کا علاج بھی مکمل کریں اور اس کے بعد تشریف لائیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'حکومت جو ہتھکنڈے اپنارہے ہیں، انہیں ان کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا، ہم نے سروں پر کفن باندھ لیے ہیں اور یہ تحریک جاری رہے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'کب تک یہ کورونا کے پیچھے بھاگیں گے، ملتان میں جلسے سے پہلے کورونا کورونا کرتے رہے جلسے کے بعد کورونا چلا گیا'۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 'یہ بہت شرارتی کورونا ہے جب جلسہ ہوتا ہے تو یہ نکل آتا ہے جلسے کے بعد بنی گالا میں جاکر چھپ جاتا ہے، بنی گالا میں چھپے کورونا کو باہر نکالیں گے اور اس کا علاج مکمل کریں گے'۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'مسلم لیگ (ن) میں کوئی اختلاف نہیں، یہ پوری طرح متحد ہے اور مریم نواز اس کی بہتر انداز میں قیادت کر رہی ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں