اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ ناکام، 3 ’دہشتگرد‘ گرفتار

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2020
سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کیے گیے آپریشن کے دوران پیرودہائی دھماکے سمیت مختلف بم حملوں میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ خفیہ اطلاع پر راولپنڈی میں سواں پل کے قریب آپریشن کیا گیا جہاں اڈیالہ روڈ سے ان تینوں افراد کو گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تینوں افراد 4 مختلف بم دھماکوں میں ملوث تھے جس میں پیرودہائی میں ہونے والا بم دھماکا بھی شامل تھا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: بس اسٹینڈ کے قریب دھماکا، ایک شخص جاں بحق

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، موبائل فونز برآمد کیے گئے جبکہ ان ملزمان کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر دھماکا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب گزشتہ دنوں راولپنڈی میں تھانہ گنج منڈی کے قریب دستی بم دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا تھا کہ دستی بم گنج منڈی تھانہ کے سامنے جوتے فروخت کرنے والوں کے درمیان پھینکا گیا تھا۔

اس سے قبل 4 دسمبر کو راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب رکشے میں دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

ریسکیو اور پولیس حکام نے دھماکے میں 45 سالہ محمد افضل خان کے جاں بحق ہونے اور 7 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دھماکا دیسی ساختہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس میں بارود کے ساتھ بال بیرنگ استعمال کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی خفیہ ایجنسی کی ’سرپرستی‘ میں چلنے والا ’افغان‘ دہشت گرد نیٹ ورک پکڑا گیا

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سیکیورٹی ایجنسیز نے انیٹلی جنس پر مبنی ایک مشترکہ آپریشن میں بھارتی خفیہ ایجنسی کی مبینہ طور پر سرپرستی میں چلنے والے مبینہ دہشت گرد نیٹ ورک کو پکڑا تھا۔

پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی اور ملک کی سب سے بڑی خفیہ ایجنسی کے انسداد دہشت گردی ونگ نے مذکورہ گرفتاری اس وقت کی تھی جب کچھ گھنٹے بعد ان مشتبہ دہشت گردوں نے سول سیکریٹریٹ کے بند ہونے کے وقت اس کے پیپلزہاؤس گیٹ کے سامنے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) سے دھماکا کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

مشتبہ افراد کے موبائل فونز کے فرانزک جائزے میں ان کے افغانستان میں موجود بھارتی ریسرچ اینڈ اینالیسز ونگس (را) کے ان حکام سے مبینہ طور پر رابطوں کا انکشاف بھی ہوا ھتا، جو منصوبے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں