آئسولیشن میں ان لوگوں کو یاد کیا جن سے بہت محبت کرتی ہوں، ماہرہ خان

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2020
ماہرہ خان 13 دسمبر کو کورونا سے متاثر ہوئی تھیں اور انہوں نے قرنطینہ ہی میں اپنی سالگرہ منائی تھی— فوٹو: انسٹاگرام
ماہرہ خان 13 دسمبر کو کورونا سے متاثر ہوئی تھیں اور انہوں نے قرنطینہ ہی میں اپنی سالگرہ منائی تھی— فوٹو: انسٹاگرام

کورونا سے متاثر ہونے والی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی حالیہ پوسٹ میں آئسولیشن میں گزارے گئے وقت کا احوال سنایا ہے کہ وہ اہلخانہ، دوستوں اور معمولات زندگی کو یاد کررہی ہیں۔

انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں ماہرہ خان نے کورونا کے باعث آئسولیشن میں گزارے جانے والے وقت کا احوال بتایا ہے کہ وہ معمولاتِ زندگی کو کتنا یاد کررہی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ 'میں نے پرانے گانے سنے، بہت کچھ پڑھا، لکھا، کچھ حیرت انگیز فلمز دیکھیں، زندگی کا سوچتے ہوئے مسکرائی اور روئی بھی اور موم بتیاں روشن کیں اور پھر ہر رات کچھ مزید روشن کیں'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اداکارہ نے لکھا کہ 'میں نے اپنے بچے کو بہت زیادہ یاد کیا، میں نے ان لوگوں کو یاد کیا جن سے میں بہت محبت کرتی ہوں'۔

مزید پڑھیں: کورونا سے متاثر ماہرہ خان سالگرہ کی مبارکباد پر مداحوں کی مشکور

انہوں نے مزید کہا کہ تکلیف اور بے سکونی کے لمحات میں، میں اپنی زندگی کی تمام چیزوں، رحمتوں، برکتوں اور زندہ رہنے پر کائنات کا صرف شکریہ ہی ادا کرسکتی تھی۔

ماہرہ خان نے ایک مرتبہ پھر سالگرہ کی مبارکباد اور محبت پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو بھی اپلوڈ کی تھی جس میں ملکہ ترنم نور جہاں کا گانا بیک گراؤنڈ میں چل رہا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ میں یہاں چھت پر بیٹھی ہوئی آسمان کی شان وشوکت دیکھ رہی ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ویڈیو میں میڈم نورجہاں کے گانے 'چاندنی راتیں' کا اضافہ کیا ہے، انہوں نے لکھا کہ 'ہم حقیقت میں اس وقت مرتے ہیں جب ہمیں بھلا دیا جاتا ہے'، وہ ( نورجہاں ) ہر روز اور ہمیشہ جیتی ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ 13 دسمبر کو اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں اور فالوورز کو کورونا سے متاثر ہونے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر

انہوں نے مداحوں سے ماسک پہننے اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل کرنے پر زور دیا تھا، ماہرہ خان نے لکھا تھا کہ 'اپنے لیے اور دوسروں کی خاطر ماسک پہنیں اور ایس او پیز پر عمل کریں'۔

ماہرہ خان نے مزید کہا تھا کہ دعاؤں اور فلموں کی تجاویز خوش آئند ہوں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ کورونا سے متاثر ہونے سے قبل ماہرہ خان نے فواد خان کے ہمراہ اپنی آنے والی فلم 'نیلوفر' کی شوٹنگ مکمل کی تھی۔

ماہرہ خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں 'نیلوفر' کی شوٹنگ مکمل ہونے پر عکس بندی کے دوران کھینچی گئی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ فلم بندی مکمل کرلی گئی ہے۔

انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اب جلد ہی شائقین 'نیلوفر' کو اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں