آسٹریلیا نے قومی ترانے میں تبدیلیاں کردیں

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2021
حال ہی میں ایک نوجوان گلوکارہ نے قدیمی زبان میں ترانے کو مختلف انداز میں بھی پیش کیا تھا—اسکرین شاٹ/ اے بی سی نیوز ویڈیو
حال ہی میں ایک نوجوان گلوکارہ نے قدیمی زبان میں ترانے کو مختلف انداز میں بھی پیش کیا تھا—اسکرین شاٹ/ اے بی سی نیوز ویڈیو

ماضی میں سلطنت برطانیہ کی کالونی رہنے والے ملک آسٹریلیا نے اپنے قومی ترانے میں پہلی بار تبدیلیاں کردیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلوی حکومت نے 2021 کے پہلے ہی دن میں قومی ترانے میں تبدیلیوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ قومی ترانے کی دوسری سطر میں نمایاں تبدیلی کردی گئی۔

آسٹریلوی ترانہ انگریزی زبان میں ہے، تاہم اسے وہاں کی پرانی و آبائی زبانوں میں بھی گایا جاتا ہے اور اس زمین سے وابسطہ لوگ ترانے کو تبدیل کرکے گاتے رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے حالیہ ترانے کو 1984 میں حکومتی سطح پر قومی ترانے کے طور پر نافذ العمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس سے قبل آسٹریلیا میں سرکاری سطح پر ملکہ برطانیہ کی تعریف کا ترانہ بجایا اور چلایا جاتا تھا۔

آسٹریلیا کے قدیم نسلوں سے تعلق رکھنے والے باشندے قومی ترانے پر اعتراض کرتے رہتے تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کے قدیم نسلوں سے تعلق رکھنے والے باشندے قومی ترانے پر اعتراض کرتے رہتے تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جس ترانے کو 1984 میں حکومتی سطح پر قومی ترانہ مانا گیا تھا، اسے ابتدائی طور پر 1878 میں تیار کیا گیا تھا۔

مذکورہ ترانہ ابتدائی طور پر مقامی آسٹریلوی افراد کی ثقافت و محبت کو دیکھتے ہوئے لکھا گیا تھا تاہم اس وقت آسٹریلیا میں انگریزوں کا راج تھا اور اس کی تشکیل نو کی گئی تھی، اس لیے اس میں ایسے الفاظ استعمال کیے گئے تھے، جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ آسٹریلوی لوگ نئی قوم ہے۔

آسٹریلوی افراد کو نئی قوم کے طور پر ترانے میں پیش کرنے پر وہاں کے آبائی افراد حکومت سے نالاں تھے اور ان کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ترانے کو تبدیل کیا جائے۔

مقامی افراد کی طویل جدوجہد کے بعد بلآخر یکم جنوری 2021 کو آسٹریلوی وزیر اعظم نے اسکارٹ موریسن نے ایک اخباری مضمون میں تصدیق کی کہ قومی ترانے کو تبدیل کردیا گیا۔

قومی ترانے کی دوسری لائن میں اب 'نوجوان اور آزاد' کی جگہ ہم 'ایک اور آزاد' کے الفاظ استعمال کیے جائیں گے۔

ترانے کے انگریزی جملوں کو (For we are young and free) سے تبدیل کرکے (For we are one and free) کردیا گیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ 26 جنوری کو یوم آسٹریلیا کے موقع پر نئے تبدیل شدہ ترانے کو وزیر اعظم سمیت دیگر حکومتی عہدیدار مل کر گائیں گے، جس کے بعد اس کی نئی موسیقی بھی ترتیب دی جائے گی۔

قدیم نسلوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی اپنے آبائو و اجداد کی روایات پر چلتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
قدیم نسلوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی اپنے آبائو و اجداد کی روایات پر چلتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ترانے میں تبدیلیاں ایک ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب کہ آسٹریلیا میں حالیہ چند سال میں وہاں کے قدیم مقامی افراد جنہیں (INDIGENOUS) کہا جاتا ہے، ان کی جانب سے حکومت کے ناروا سلوک پر بڑے پیمانے پر مظاہرے دیکھے گئے۔

آسٹریلیا میں اگرچہ انگریز کے دور میں نئی نسل کے لوگوں کو آباد کیا گیا اور اب وہاں دنیا کے کئی ممالک اور نسلوں کے رہنے والے لوگ آباد ہیں تاہم وہاں کے قدیم مقامی باشندوں کو اب بھی (INDIGENOUS) قبائل کے طور پر جانا جاتا ہے۔

وہاں کے مقامی باشندے حکومتی نوکریوں، قوانین اور اپنے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک پر مظاہرے کرتے رہتے ہیں اور متعدد حکومتی رپورٹس میں بھی ان کے حقوق کے استحصال کا اعتراف کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ ماہ دسمبر کے آغاز میں ہی ایک اسپورٹس ایونٹ میں قدیمی نسل سے تعلق رکھنے والی نوجوان گلوکارہ نے آسٹریلیا کی قدیمی زبان میں قومی ترانے کو گایا تھا، جس پر اس کی تعریفیں بھی کی گئی تھیں۔

قومی ترانے میں تبدیلیوں پر مقامی باشندوں نے ابتدائی طور پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے آسٹریلیا کی تاریخ کی جیت قرار دیا ہے۔

قدیم آسٹریلوی باشندوں کا دعویٰ ہے کہ وہ وہاں پر 6 ہزار سال سے آباد تھے اور بعد ازاں انگریزوں نے ان کی سرزمین پر قبضہ کرکے انہیں اقلیت میں تبدیل کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں