ترکی میں سائنسدانوں نے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تیز ترین تشخیص کرنے والی کٹ تیار کرلی۔

بلقان یونیورسٹی کے نیشنل نانوٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے سائنسدانوں نے نانو ٹیکنالوجی پر مبنی اس کووڈ 19 ڈائیگناسٹک کٹ کو تیار کیا جو 10 سے 15 سیکنڈ میں جسم کے اندر وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرسکتی ہے۔

محققین کے مطابق اس ٹیسٹ کے لیے سواب ٹیسٹ کی ضرورت نہیں اور نئی کٹ سے 10 سیکنڈ میں 99 فیصد تک درست نتیجہ حاصل ہوسکتا ہے۔

اس ٹیسٹ ڈائیگنوویر کا نام دیا گیا ہے اور محققین کو توقع ہے کہ یہ پی سی آر ٹیسٹ کا متبادل ثابت ہوسکے گی۔

بلقان یونیورسٹی کے ریکٹر عبداللہ اتالر نے بتایا 'اس طریقہ کار سے سیکنڈوں میں نتیجہ حاصل ہوسکے گا اور یہ پی سی آر کا متبادل ثابت ہوسکے گا، اگر کسی فرد میں وائرس موجود ہوگا تو نتیجہ فوری حاصل ہوگا جبکہ نیگیٹو ہونے پر کچھ وقت زیادہ لگے گا'۔

انہوں نے مزید کہا 'پوری دنیا کو اس ٹیکنالوجی سے فائدہ ہوگا جو کہ مکمل طور پر ترکی میں تیار ہوئی'۔

یہ ٹیسٹ کٹ لعاب دہن کے نمونے سے 10 سیسکنڈ میں کووڈ 19 کی تصدیق کرسکے گی۔

محققین کا کہنا تھا کہ کووڈ کی فوری تشخیص سے مریض کو فوراً قرنطینہ میں رکھا جاسکے گا جو کہ وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کورونا سے ملتی جلتی دیگر وبائی امراض کے لیے بھی استعمال ہوسکے گی۔

اس ٹیسٹ کی تیاری میں سائنسدانوں کو 7 ماہ کا عرصہ لگا۔

محققین کا کہنا تھا کہ ہم نے تحقیق کے 2 مراحل میں مثبت نتائج حاصل کیے اور ہم نے ٹیسٹوں کا مشاہدہ لیبارٹری اور کورونا وائرس کے مریضوں کے ہسپتالوں میں کیا اور اکثریت میں مستند نتائج حاصل ہوئے۔

اس کٹ کی بڑے پیمانے پر تیاری اور دستیابی 2 ماہ میں متوقع ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ پی سی آر کے مقابلے میں یہ ٹیسٹ سستا ہوگا، جس ترکی سمیت دننیا بھر میں لوگوں کے لیے زیادہ تعداد میں ٹیسٹ دستیاب ہوسکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں