شوبز شخصیات کا مچھ واقعے پر اظہار افسوس

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2021
حمزہ علی عباسی اور سارہ لورین نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرا،
حمزہ علی عباسی اور سارہ لورین نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرا،

گزشتہ ہفتے قتل کیے گئے ہزارہ برادری کے 11 کان کنوں کے واقعے پر سیاسی و سماجی شخصیات کی طرح شوبز شخصیات نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔

دہشت گردوں نے 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں اغوا کے بعد 11 کان کنوں کو قتل کردیا تھا، جس کے خلاف ہزارہ برادری گزشتہ 5 دن سے احتجاج کررہی ہے۔

ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے قتل کے واقعے پر جہاں ملک بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا، وہیں شوبز شخصیات نے بھی بیہمانہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قتل کیے گئے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مچھ میں اغوا کے بعد 11 کان کنوں کا قتل

حمزہ علی عباسی نے مچھ واقعے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے قتل کیے گئے افراد کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ شیطان صفت افراد کی جانب سے ہزارہ کمیونٹی پر ڈھایا گیا ظلم المناک ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ تاہم انہیں یہ سوچ کر سکون ملتا ہے کہ یہ سب واقعات خدا دیکھ رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے قتل کیے گئے افراد کے دعا سمیت لواحقین سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

اداکارہ سارہ لورین نے بھی اپنی پوسٹ میں مچھ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی تمام ہمدردیاں ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔

سارہ لورین نے ہزارہ کلنگ اور ہزارہ لائیو میٹرز کے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے۔

ماڈل مشک کلیم نے بھی ہزارہ کمیونٹی کے افراد سے اظہار ہمدردری کرتے ہوئے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ اگرچہ ان کے پاس ایسے شواہد نہیں جن سے معلوم ہو کہ ہزارہ کمیونٹی کی نسل کشی کی جا رہی ہے تاہم انہیں یہ دیکھ کر افسوس ہو رہا ہے کہ مظلوم کمیونٹی کے ساتھ بہت ہی کم افراد کھڑے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی کہ ہزارہ کمیونٹی کے خلاف ہونے والے اندوہناک ظلم پر توجہ دی جائے۔

اداکارہ ارمینا خان نے بھی مچھ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں اس اُمید کا اظہار کیا کہ جلد ان معصوموں کے قاتل گرفتار ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں