ویوو کا فلیگ شپ فون ایکس 60 پرو پلس

23 جنوری 2021
ایکس 60 پرو پلس — فوٹو بشکریہ ویوو
ایکس 60 پرو پلس — فوٹو بشکریہ ویوو

ویوو نے 2020 کا اختتام نئے فلیگ شپ ایکس 60 سیریز کے 2 اسمارٹ فونز کے ساتھ کیا تھا۔

اس وقت ایکس 60 اور ایکس 60 پرو پیش کیے گئے تھے اور اب اس سیریز کا تیسرا فون ایکس 60 پرو پلس متعارف کرادیا گیا ہے۔

یہ اس سیریز کا سب سے طاقتور فون ہے اور کیمرے کے لیے فون کو خریدنے والوں کے لیے بہترین ڈیوائس ہے۔

ایکس 60 پرو پلس میں گیمبل اسٹیبلائزیشن سسٹم کا اپ گریڈ ورژن زیادہ بہتر کیمرا سنسر کے ساتھ دیا گیا ہے۔

یہ فون کوالکوم کے نئے اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر اور نئے امیج پراسیسنگ الگورتھمز سے لیس ہے۔

فوٹو بشکریہ ویوو
فوٹو بشکریہ ویوو

کمپنی کے مطابق نئے پراسیسر کا جی پی یو 35 فیصد تیز اور 20 فیصد زیادہ پاور بچاتا ہے۔

اس پراسیسر کے افعال کو بہتر بنانے کے لیے فون میں تیز ایل پی ڈی ڈی آر ایس 8 سے 12 جی بی ریم دی گئی ہے جو ڈیٹا کو 6400 ایم بی ایس پی کی رفتار سے ٹرانسفر کرتی ہے۔

اسٹوریج کے لیے 128 سے 256 جی بی یو ایس ایف 3.1 اسٹوریج کا زیادہ بہتر ورژن استعمال کیا گیا ہے۔

فون میں 6.56 او ایل ای ڈی ڈسپلے خم ایجز اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ویوو
فوٹو بشکریہ ویوو

یہ ڈسپلے ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ فراہم کرتا ہے۔

4200 ایم اے ایچ بیٹری 55 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ اور یو ایس بی سی پورٹ کے ساتھ ہے، تاہم وائرلیس چارجنگ کا آپشن موجود نہیں۔

اور ہاں اس فون کے باکس میں چارجر، کیبل، یو ایس بی سی ہیڈ سیٹ اور یو ایس بی سی ٹو 3.5 ایم ایم اڈاپٹر موجود ہیں، جبکہ ایک کلیئر پروٹیکٹیو کیس بھی دیا گیا ہے۔

اب فون کے سب سے خاص حصے یعنی کیمرا سیٹ اپ کی بات کرلیتے ہیں، فون کے بیک پر 4 کیمرے موجود ہیں۔

فوٹو بشکریہ ویوو
فوٹو بشکریہ ویوو

فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے، جس میں ڈوئل پکسل پی ڈی اے ایف، لیزر اے ایف، او آئی ایس اور دیگر آپشن موجود ہیں۔

کمپنی کے مطابق کیمرے کا بڑا 1.2 یو ایم پکسل اور برائٹ ایف 1.57 آپرر کم روشنی میں تصاویر کھینچنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اس کیمرے میں سپر نائٹ موڈ 2.0 دیا گیا ہے جو بہت کم روشنی میں بھی کام کرتا ہے جبکہ لائٹ سنسٹیویٹی 38.8 فیصد اور فوٹو ایکوریسی 22 فیصد بہتر کرتا ہے۔

فون میں 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا بھی موجود ہے جس میں گیمبل اسٹیبلائزیشن سسٹم موجود ہے جو روایتی او آئی ایس سسٹم کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ بہتر حرکت کرتی تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے۔

اس کے علاوہ 8 میگا پکسل پیری اسکوپ کیمرا 5 ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ ہے جو 60 ایکس ڈیجیٹل زوم کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔

چوتھا 32 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا ہے جو مڈ رینج زوم اور پورٹریٹ شاٹس کے لیے ہے۔

یہ سب زئیسز کیمرے ہیں جن میں ٹی اینٹی ریفلیکٹیو کوٹنگ کی گئی ہے اور پہلی بار کسی اسمارٹ فون میں نانو کرسٹلائن اسٹرکچر بھی دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ کیمرا سیٹ اپ 4K ایچ ڈی آر 10 پلس کے ساتھ 8K ویڈیوز ریکارڈ کرسکتا ہے۔

فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

اس فون کو سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے، جس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 5 ہزار چینی یوآن (ایک لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 6 ہزار یوآن (ایک لاکھ 48 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں