کیا فردین خان 'نو انٹری' کے سیکوئیل سے فلم انڈسٹری میں واپس آرہے ہیں؟

بولی وڈ اداکار 2010 میں 'دلہا مل گیا' کے بعد سے فلموں میں دکھائی نہیں دیے—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
بولی وڈ اداکار 2010 میں 'دلہا مل گیا' کے بعد سے فلموں میں دکھائی نہیں دیے—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بولی وڈ اداکار فردین خان کے وزن میں کمی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد خبریں تھیں کہ وہ فلموں میں واپس آرہے ہیں اور اب یہ خبریں کہ وہ بولی وڈ کامیڈی فلم 'نو انٹری ' کے سیکوئیل میں دکھائی دیں گے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق فلم 'نو انٹری' کے ڈائریکٹر انیس بزمی نے عندیہ دیا ہے کہ فردین خان فلم کے سیکوئیل 'نو انٹری میں انٹری' میں ایک دہائی بعد بڑی اسکرین پر نظر آسکتے ہیں۔

فردین خان نے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد فیروز خان کے ساتھ 1998 کی فلم ‘پریم اگن’ سے کیا تھا، انہوں نے والد کے ساتھ ایک اور فلم جانشین میں بھی اداکاری کی۔

مزید پڑھیں: فردین خان حیران کن تبدیلی کے ساتھ ایک دہائی بعد فلموں میں واپسی کیلئے تیار

فردین خان نے 2005 میں نتاشا مدھوانی سے شادی کی اور 2017 میں ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا، جس کے بعد ان کی ایک بیٹی بھی ہوئی۔

وہ 2010 میں 'دلہا مل گیا' کے بعد سے فلموں میں دکھائی نہیں دیے، وہیں 2016 کے بعد وہ اپنا وزن بڑھ جانے کی وجہ سے خبروں میں رہے اور لوگوں نے ان کے موٹے ہوجانے پر ان پر خوب تنقید بھی کی تھی۔

—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف
—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف

وزن بڑھ جانے پر لوگوں کی جانب سے فضول تنقید پر فردین خان نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بھی اس معاملے پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں موٹے ہوجانے پر کوئی افسوس نہیں اور انہیں لوگوں کی نازیبا گفتگو کا بھی کوئی افسوس نہیں۔

گزشتہ برس فردین خان کی کچھ تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس میں انہیں 2016 اور 2018 کے مقابلے میں اسمارٹ حالت میں دیکھا گیا تھا اور ان کا وزن پہلے کی طرح کافی کم نظر آیا تھا۔

بھارتی میڈیا نے دسمبر میں کہا تھا کہ فردین خان کی ایک تصویر وائرل ہونے کے بعد جب فلم ساز مکیش چھابڑا سے رابطہ کیا گیا تھا تو انہوں نے تصدیق کی تھی کہ اداکار ایک دہائی بعد بولی وڈ میں واپسی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اب نو انٹری کے ہدایت کار انیس بزمی نے کہا ہے کہ وہ فلم کے سیکوئیل کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ 'نو انٹری' 2005 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں فردین خان نے سنی کا کردار ادا کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ہدایت کار انیس بزمی نے بومبے ٹائمز کو بتایا کہ ' فردین خان ان کے دوست ہیں اور انہوں نے پہلی فلم میں بہت اچھی اداکاری کی تھی'۔

یہ بھی پڑھیں: چند سال سے غائب فردین خان منظر عام پر آگئے

انیس بزمی نے کہا کہ 'میں نے کچھ وقت پہلے ان کی تصویر دیکھی تھی اور میں یہ جان کر حیران رہ گیا تھا کہ وہ فردین ہیں'۔

ہدایت کار نے کہا کہ 'فردین ہمیشہ ہی اچھے دکھتے تھے لیکن وزن میں اتنی زیادہ کمی لانا مذاق نہی ہے، وہ اب صحت مند ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'فردین خان نے پوچھا تھا کہ اب کیا کرنا ہے؟ تو میں نے بتایا تھا کہ نو انٹری کا سیکوئیل بنانے کا انتظار ہے'۔

انیس بزمی کے مطابق فردین خان بھی سیکوئیل بنانے کا کہہ رہے ہیں اور ہمیں اب بس بونی کپور کا انتظار ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں