چند سال سے غائب فردین خان منظر عام پر آگئے

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2018
فردین خان 2016 سے موٹاپے کا شکار تھے—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
فردین خان 2016 سے موٹاپے کا شکار تھے—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

‘نو انٹری’ اور ’لو کے لیے کچھ بھی کرے گا’ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والے 44 سالہ فردین خان گزشتہ کئی سال سے منظر عام سے غائب تھے۔

2 سال قبل ان کی ایسی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جن میں ان کا وزن کافی بڑھا ہوا تھا اور وہ موٹاپے کا شکار نظر آ رہے تھے۔

ان کی موٹاپے کی تصاویر 2016 اور 2017 تک وائرل ہوتی رہیں، جس کے بعد انہوں نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے خود پر ہونے والی تنقید پر لوگوں کو کرارا جواب دیا تھا۔

—فوٹو: بولی وڈ لائف
—فوٹو: بولی وڈ لائف

مداحوں اور لوگوں نے وزن بڑھ جانے اور موٹاپے کا شکار ہوجانے کے بعد فردین خان پر طرح طرح کے فقرے کسنا شروع کیے تھے اور ان کے لیے نامناسب کمنٹس دیے تھے۔

جس پر اداکار نے خود پر ہونے والی تنقید پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ انہیں وزن بڑھ جانے اور موٹاپے کی وجہ سے کوئی پشیمانی نہیں۔ اداکار نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کہا تھا کہ وہ ان کے کمنٹس پڑھ کر تفریح حاصل کرتے ہیں۔

اب 2 سال بعد پہلی بار فردین خان کو ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔

حیران کن طور پر فردین خان ماضی کی طرح فٹ اور ہینڈسم نظر آئے، ان کا اضافی وزن ختم ہوچکا تھا۔

بھارتی صحافی وائرل بھیانی نے اپنے انسٹاگرام پیج پر اداکار کی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں ہینڈسم روپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ حیران کن طور پر فردین خان ماضی کی طرح ہینڈسم دکھائی دیے۔

اداکار نے ایئرپورٹ پر فوٹوگرافرز کو خصوصی پوز تو دیے، تاہم انہوں نے کسی سے کوئی بات نہیں کی۔

یہ پہلا موقع تھا کہ اداکار کو وزن بڑھ جانے کے بعد دیکھا گیا۔

فردین خان گزشتہ 8 سال سے کسی فلم میں بھی نہیں دکھائی دیے، ان کی آخری فلم ‘دولہا مل گیا’ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی۔

44 سالہ فردین خان نے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد فیروز خان کے ساتھ فلم ‘پریم اگن’ سے کیا تھا۔

فردین خان نے 2005 میں نتاشا مدھوانی سے شادی کی اور 2017 میں ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا، جس کی تصویر انہوں نے ٹوئیٹر پر شیئر کی تھی، تاہم اس وقت بھی اضافی وزن کی وجہ سے لوگوں نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں