• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm

ایران: پاسداران انقلاب کا طیارہ ہائی جیک کرنے کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ

شائع March 5, 2021
ایران کے ایئرپورٹس اور فضائی حدود کی سلامتی کا چارج پاسداران انقلاب کے پاس ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
ایران کے ایئرپورٹس اور فضائی حدود کی سلامتی کا چارج پاسداران انقلاب کے پاس ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے ایک مبینہ حملہ آور کی جانب سے جہاز کو ہائی جیک کرکے مقامی پرواز کو پڑوسی خلیجی ملک لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق پاسداران انقلاب کی 'سپاہ نیوز' ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 'گارڈز کے چوکس ہونے کی وجہ سے ایران ایئر کے فوکر 100 جہاز کو ہائی جیک کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'جہاز نے ہائی جیکنگ کی کوشش سے قبل اہواز ایئرپورٹ سے مشہد کے لیے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 10 منٹ پر اڑان بھری تھی'۔

پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ 'جہاز کی وسطی ایران میں اصفہان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد منصوبے کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا'۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے اپنی پہلی فوجی سیٹیلائٹ کامیابی سے لانچ کردی، پاسدارانِ انقلاب

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'جہاز کے مسافروں کو بحفاظت دوسرے طیارے کے ذریعے ان کی حتمی منزل کی طرف روانہ کردیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے'۔

واضح رہے کہ ایران کے ایئرپورٹس اور فضائی حدود کی سلامتی کا چارج پاسداران انقلاب کے پاس ہے۔

ایران کے مشرق وسطیٰ میں اس کے متعدد پڑوسی ممالک، بالخصوص اس کے علاقائی حریف سعودی عرب کے ساتھ تعلقات تنازعات کا شکار ہیں۔

اس کے علاوی بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی اس کے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 اکتوبر 2024
کارٹون : 12 اکتوبر 2024