'کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2021
اس پروگرام کے تحت محنت کشوں اور مستحق افراد کو موبائل ٹرکس کے ذریعے کھانا فراہم کیا جائے گا فوٹو: ڈان نیوز —
اس پروگرام کے تحت محنت کشوں اور مستحق افراد کو موبائل ٹرکس کے ذریعے کھانا فراہم کیا جائے گا فوٹو: ڈان نیوز —

وزیراعطم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 'کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کا آغاز کردیا۔

اسلام آباد میں پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے احساس پروگرام کے حکام، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بیت المال کی ٹیم کو 'کوئی بھوکا نہ سوئے' پروگرام کے آغاز کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پناہ گاہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ یہ مستحق اور محنت کش کے لیے نعمت ہے۔

مزید پڑھیں: احساس کیش پروگرام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں، وزیراعظم

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان پناہ گاہوں کے معیار میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے کہ مجبوری میں کوئی انسان جب یہاں آئے تو اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے، انہیں صاف ستھرا ماحول دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ پناہ گاہ کا معیار آہستہ آہستہ پیچھے چلا گیا تھا اور اب ان کا معیار بہتر ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ سوچ بن گئی ہے کہ غریب آدمی کو کسی خاص ٹریٹمنٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں خیال رکھنا ہے کہ انہیں صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، بہت سے لوگ ایسے ہیں جو بھوکے سوتے ہیں، کئی دفعہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو کام نہ ملے تو وہ بھوکے سوتے ہیں تو ہم اس پروگرام کے ذریعے ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام ایک فلاحی ریاست کا آغاز ہیں کہ ٹرک بھر کر ان مقامات پر جائیں گے جہاں بھوک زیادہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کا پورا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، اس پروگرام میں مسائل بھی آئیں گے جنہیں ساتھ ساتھ حل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: احساس پروگرام میں پیسوں کی تقسیم کو کوئی غیر منصفانہ نہیں کہہ سکتا، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اس طرح کی سروس بن جائے گا کہ پورے پاکستان میں ہمارے ٹرکس نظر آئیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام میں بہت سے مخیر حضرات شرکت کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کے خطاب سے قبل ایم ڈی بیت المال عون عباس اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے 'کوئی بھوکا نہ سوئے 'پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔

اس پروگرام کے تحت محنت کشوں اور مستحق افراد کو موبائل ٹرکس کے ذریعے کھانا فراہم کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر یہ موبائل ٹرکس اسلام آباد اور راولپنڈی میں چلائے جائیں گے جس کے بعد اس پروگرام کو ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں