پی ٹی آئی اراکین سے قرآن پر حلف لیے جانے کا انکشاف

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2021
سینیٹر اعجاز چوہدری، تصویر: سینیٹ ویب سائٹ
سینیٹر اعجاز چوہدری، تصویر: سینیٹ ویب سائٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اعجاز چوہدری نے اپنی جماعت اراکین کے قرآن پاک پر حلف اٹھانے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اراکین کے پنجاب ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے بعد افواہیں گردش کررہی تھیں کہ حکومتی اراکین سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے قرآنِ پاک پر حلف لیا گیا ہے اور اس دوران 2 سے 3 سینیٹرز نے اس عمل پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں آج جب میڈیا نمائندوں نے سینیٹر اعجاز چوہدری سے دریافت کیا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے قرآن اٹھانے کا کہنے پر کیا بہت سارے سینیٹرز ناراض ہوئے تھے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ نہیں کوئی ناراض نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کی تنصیب کا تنازع

صحافی نے پی ٹی آئی رکن سے سوال کیا کہ کیا سارے حکومتی سینیٹرز نے قرآن اٹھایا تھا؟ جس پر اعجاز چوہدری نے بتایا کہ 'جس جس کی دلچسپی تھی انہوں نے قرآن اٹھا لیا تھا اور یہ ایسا کوئی متنازع معاملہ نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ پوچھے گئے سوال اور سینیٹر اعجاز چوہدری کے جواب سے یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ کیا یہ حلف چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے سلسلے میں ہی اٹھایا گیا تھا۔

میڈیا نمائندے نے سینیٹر سے ایک اور سوال کیا کہ کیا آپ قرآن پاک پر حلف لے کر ووٹ دلوا رہے ہیں، جس پر اعجاز چوہدری نے کہا کہ جنہوں نے حلف لینا تھا لے لیا اور جنہوں نے نہیں لینا تھا نہیں لیا۔

ان کے جواب پر صحافی نے پوچھا کہ جنہوں نے حلف نہیں لیا وہ کیا آپ کو ہی ووٹ دیں گے؟ جس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں وہ لازماً ہمیں ووٹ دیں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت ہر جگہ سے ناکام ہونے کے بعد خفیہ کیمروں والے مستری لے آئی، مریم نواز

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار کی غیر متوقع شکست کے بعد چیئرمین سینیٹ کا انتخاب حکومت اور اپوزیشن کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے جس کے لیے پولنگ آج ہورہی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے مشترکہ طور پر چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مولانا عبدالغفور حیدری کو نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے چیئرمین کے عہدے کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے مرزا محمد آفریدی کو میدان میں اتارا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں