بھارت: 3 ماہ بعد ایک ہی دن میں 29 ہزار کیسز رپورٹ

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2021
بھارت میں ایک معمر خاتون کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جا رہی ہے— فوٹو: رائٹرز
بھارت میں ایک معمر خاتون کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جا رہی ہے— فوٹو: رائٹرز

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز ایک مرتبہ پھر بڑھنا شروع ہو گئے ہیں اور 3 ماہ کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ تقریباً 29 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر سے پھیلنا شروع ہو چکا ہے جس کے بعد مختلف ممالک نے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

مزید پڑھیں: خون گاڑھا کرنے کی شکایت پریورپین اتھارٹی کا ویکسین کا جائزہ

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارت میں بدھ کو 28 ہزار 903 کیسز رپورٹ ہوئے جو 13 دسمبر 2020 کے بعد ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

بھارت میں اب تک کورونا وائرس سے کم از کم ایک کروڑ 14 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز 188 اموات بھی ہوئیں جو دو ماہ میں مرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے جس کے بعد اب تک بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 44 ہو گئی ہے۔

ان میں سے 62 فیصد انفیکشن اور 46 فیصد اموات ریاست مہاراشٹر سے رپورٹ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: چینی ویکسین لگانے والے غیرملکی شہریوں کو چین کا ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں مزید ایک ہزار 245 افراد ہلاک اور 54 ہزار 437 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکا میں مجموعی طور پر اب تک 2 کروڑ 95 وائرس سے متاثر اور 5 لاکھ 36 ہزار 472 اموات ہو چکی ہیں۔

کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 12 کروڑ 3 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 26 لاکھ 84 ہزار 227 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 9 کروڑ سے زیادہ افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب برازیل میں کورونا وائرس کے آغاز سے اب تک منگل کو ایک دن میں سب سے زیادہ 2 ہزار 841 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: اردن: ہسپتال میں آکسیجن کی بندش سے 6 کورونا مریض ہلاک، وزیر صحت مستعفی

برازیل میں اب تک 2 لاکھ 82 ہزار افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ملک میں مزید 83 ہزار 926 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ 3 ہزار 535 ہو گئی ہے۔

ادھر فلپائن نے بھی وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کردی ہیں۔

غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کام نہ کرنے والے فلپائنی وطن واپسی پر 20 مارچ سے 19 اپریل تک اپنے ملک کی سرحد میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

جنوبی کوریا نے بھی ملک میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اپنے ملک میں موجود تمام غیرملکیوں اور ان کے ملازمین کو کووڈ-19 کے ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئس لینڈ کے ایک علاقے میں چند ہفتوں کے دوران 40 ہزار سے زیادہ زلزلے

رواں ہفتے بدھ سے شروع کیے گئے اس اقدام کا اطلاق تمام غیرملکی ورکرز اور ان کے ملازمین پر ہو گا۔

جو لوگ ٹیسٹ کرانے سے انکار کریں گے ان پر ایک ہزار 760 ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور اگر ان سے وائرس کسی میں منتقل ہوا تو عدالت میں مقدمہ بھی کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں