خواہش ہے میگھن مارکل صدارتی انتخاب لڑیں، ڈونلڈ ٹرمپ

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2021
میگھن مارکل اگرچہ برطانوی خاندان کی بہو ہیں مگر وہ امریکی شہری ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام،
میگھن مارکل اگرچہ برطانوی خاندان کی بہو ہیں مگر وہ امریکی شہری ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام،

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ برطانوی شہزادے ہیری کی امریکی اہلیہ 39 سالہ میگھن مارکل 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ 2016 سے 2020 تک امریکی صدر رہے تھے، انہیں دوسری مدت کے لیے نومبر 2020 میں ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اُمیدوار جوبائیڈن سے شکست ہوئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری 2021 میں عہدہ صدارت چھوڑا تھا تاہم اب بھی وہ دوسری مدت کے لیے انتخابات لڑنے کے اہل ہیں لیکن تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ وہ اگلے یعنی 2024 کے انتخابات میں حصہ لیں گے یا نہیں؟

اگلے انتخابات میں حصہ لینے کے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات میں میگھن مارکل ڈیموکریٹک کی اُمیدوار ہوں گی تو وہ ضرور انتخابات میں حصہ لینا چاہیں گے۔

ایوننگ اسٹینڈرڈ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ماریا بارٹیرومو سے بات کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ میگھن مارکل 2024 کے امریکی انتخابات لڑیں۔

میگھن مارکل امریکی شہری ہیں—فائل فوٹو: ایوننگ اسٹینڈرڈ
میگھن مارکل امریکی شہری ہیں—فائل فوٹو: ایوننگ اسٹینڈرڈ

ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ میگھن مارکل کے مداح نہیں ہیں اور نہ ہی وہ انہیں بہت زیادہ پسند کرتے ہیں مگر ان کا امریکی انتخابات میں حصہ لینا ان کے لیے حوصلہ مند ہوگا اور وہ ضرور اگلے انتخابات میں دوسری مدت کے لیے حصہ لینا چاہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نسلی امتیاز کے باعث خودکشی کا سوچا تھا، میگھن مارکل

سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میگھن مارکل اگر امریکی صدارتی امیدوار ہوں گی تو وہ بھی ضرور صدارتی امیدوار ہونے کا سوچیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ میگھن مارکل یا ملکہ برطانیہ کو زیادہ نہیں جانتے، وہ دونوں کو اتنا ہی جانتے ہیں، جتنا مذکورہ شخصیات کو دوسرے لوگ جانتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ابھی انہوں نے 2024 کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا مگر میگھن مارکل امیدوار ہوں گی تو انہیں بھی میدان میں اترنے کا مزہ آئے گا۔

میگھن مارکل شوہر سمیت امریکا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: اے پی
میگھن مارکل شوہر سمیت امریکا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: اے پی

ڈونلڈ ٹرمپ نے میگھن مارکل کے صدارتی انتخابات لڑنے کی باتیں اس وقت کہیں جب ٹی وی میزبان نے انہیں بتایا کہ خبریں ہیں کہ میگھن مارکل ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہی ہیں اور ممکنہ طور پر وہ اگلے انتخابات میں حصہ لیں گی۔

امریکی و برطانوی میڈیا میں خبریں ہیں کہ میگھن مارکل حالیہ حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہی ہیں اور ممکنہ طور پر وہ مذکورہ پارٹی کی اگلی صدارتی امیدوار ہوں گی۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع

یہ خبریں بھی ہیں کہ صدر جوبائیڈن زائدالعمری کی وجہ سے اگلی مدت کے لیے ممکنہ طور پر انتخابات نہیں لڑیں گے، تاہم اس حوالے سے وائیٹ ہاؤس یا ڈیموکریٹک پارٹی نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

خیال رہے کہ 39 سالہ میگھن مارکل اگرچہ برطانوی شاہی خاندان کی بہو ہیں، تاہم وہ امریکی شہری ہیں اور ان کی پیدائش امریکا میں ہی ہوئی تھی۔

میگھن مارکل نے مئی 2018 میں برطانوی شہزادے ہیری سے شادی کی تھی، ان کے ہاں مئی 2019 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے شوہر سمیت مارچ 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کرکے شاہی محل سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

اس وقت میگھن مارکل شوہر اور بیٹے آرچی سمیت امریکا میں مقیم ہیں اور ان کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

شاہی جوڑے کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے—فوٹو: MISAN HARRIMAN
شاہی جوڑے کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے—فوٹو: MISAN HARRIMAN

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں