فیس بک 13 برس سے کم عمر بچوں کیلئے انسٹاگرام کا نیا ورژن لانے کو تیار

19 مارچ 2021
انسٹاگرام کی موجودہ پالیسی 12 برس سے کم عمر بچوں کو پلیٹ فارم کے استعمال سے روکتی ہے—فوٹو: شٹراسٹاک
انسٹاگرام کی موجودہ پالیسی 12 برس سے کم عمر بچوں کو پلیٹ فارم کے استعمال سے روکتی ہے—فوٹو: شٹراسٹاک

فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے تصدیق کی ہے کہ 13 برس سے کم عمر بچوں کے لیے مقبول ایپ کے نئی ورژن کی تیاری پر کام جاری ہے۔

دی ورج کی رپورٹ میں بزفیڈ نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایڈم موسیری نے کہا کہ فیس بک کے زیر ملکیت کمپنی یہ جانتی ہے کہ بہت سے بچے انسٹاگرام استعمال کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس حوالے سے ابھی تک تفصیلی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 'لیکن اس کا ایک حل یہ ہے کہ نوجوان افراد یا بچوں کے لیے انسٹاگرام کا ایک نیا ورژن تیار کیا جائے جہاں والدین کے پاس ٹرانسپیرنسی یا کنٹرول ہو'۔

ایڈم موسیری نے کہا کہ 'یہ ان میں سے ایک چیز ہے جس کی ہم کھوج لگارہے ہیں'۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام کی موجودہ پالیسی 12 برس سے کم عمر بچوں کو پلیٹ فارم کے استعمال سے روکتی ہے۔

فیس بک کے ترجمان جو اوسبورن نے دی ورج کو ایک ای میل میں جواب دیا کہ 'بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اپنے والدین سے پوچھ رہی ہے کہ کیا وہ اپنے دوستوں سے رابطے میں رہنے کے لیے ایپس جوائن کرسکتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'اس وقت والدین کے پاس زیادہ آپشنز موجود نہیں ہیں، لہذا ہم اضافی پروڈکٹس کی تیاری پر کام کررہے ہیں، جیسا ہم نے میسنجر کڈز کے ساتھ کیا، جو بچوں کے لیے مناسب ہیں اور والدین اسے مینیج کرتے ہیں'۔

فیس بک کے ترجمان نے کہا کہ ہم انسٹاگرام میں پیرنٹ-کنٹرولڈ تجربہ لانے پر کام کررہے ہیں تاکہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ رہ سکیں، انہیں نئی مشغلے اور دلچسپیاں ڈھونڈنے میں مدد مل سکے۔

دوسری جانب بزفیڈ نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے نائب صدر برائے مصنوعات ویشال شاہ نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے 'یوتھ پلر' نامی پروجیکٹ کو ترجیح دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ان کا کمیونٹی پروڈکٹ پرائیوسی اور سیفٹی کے مسائل پر توجہ مرکوز کرے گا تاکہ نوعمر افراد کو محفوظ ترین ممکنہ تجربے کی یقین دہانی کرائی جاسکے'۔

انسٹاگرام کے نائب صدر نے بتایا کہ ایڈم موسیری، نائب صدر پاونی دیوانجی کے ساتھ پروجیکٹ کی نگرانی کریں گے۔

اس سے قبل پاونی دیوانجی نے گوگل پر ملازمت کے دوران یوٹیوب کڈز کی نگرانی کی تھی۔

علاوہ ازیں رواں ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ پلیٹ فارم کو کم عمر صارفین کے لیے محفوظ بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ فیس بک نے 2017 میں بچوں کے لیے میسنجر چیٹ پلیٹ فارم کا ایڈ فری ورژن لانچ کیا تھا، جو 6 سے 12 برس کے بچوں کے لیے بنایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں