سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی کورونا وائرس سے متاثر

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2021
سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ—فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

گزشتہ روز ہی اس عہدے پر فائز ہونے والے وزیر خزانہ حماد اظہر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی۔

اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ 'ابھی معلوم ہوا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں ان کی جلد صحتیابی اور اچھی صحت کے لیے دعاگو ہوں'۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آچکی ہے اور مسلسل پانچویں روز ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد 4 ہزار سے زائد رہی جبکہ آج (30 مارچ) کو 100 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے بعد صدر مملکت بھی کورونا وائرس سے متاثر

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کورونا سے اسے وقت متاثر ہوئے کہ جب ایک روز قبل ہی صدر مملکت اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ عمران بھی وائرس سے متاثر ہونے کے سبب قرنطینہ میں ہیں۔

یاد رہے کہ وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے سبب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 28 مارچ کو ان شہروں میں ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی تھی جہاں کیسز کے مثبت آنے کی شرح 8 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

وفاقی نے صوبوں کو بین الصوبائی نقل و حمل میں کمی اور وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن تیز کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کورونا کا شکار

قبل ازیں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے صوبوں کو ویکسین کی خریداری کا بھی مشورہ دیا تھا۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ 'وفاقی حکومت نے کووِڈ کی ویکسین خریدی اور تمام پاکستانیوں کے خریداری جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومتوں کو ویکسین کی خریداری کے لیے کسی این او سی کی ضرورت نہیں اور اگر وہ ویکسین خریدنا چاہیں تو نہ ہی ان پر کوئی پابندی ہے، اس سلسلے میں جو بھی سہولت درکار ہوگی فراہم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں متعدد حکومتی اس وائرس کا شکار بن چکے ہیں جن میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، ڈاکٹر ثانہ نشتر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کورونا سے متاثر ہونے والے اپوزیشن رہنماؤں میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، مسلم لیگ (ن) کی مریم اورنگزیب، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال و دیگر شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں