پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور معروف شخصیات بھی اس کا شکار ہورہی ہیں۔

معروف گلوکار جواد احمد بھی دوسری بار کووڈ 19 سے متاثر ہوئے ہیں۔

ایک ٹوئٹ میں جواد احمد نے کووڈ 19 کی تشخیص کی تصدیق کی۔

اس سے قبل نومبر 2020 میں جواد احمد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور 5 ماہ بعد ہی وہ دوبارہ اس بیماری کا شکار ہوگئے۔

اس موقع پر جواد احمد نے سب کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سمجھداری سے کام لینے کی بھی تلقین کی تاکہ لوگ اپنے ارد گرد موجود افراد کو متاثر نہ کریں۔

اب جواد احمد نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'مجھے دوبارہ کورونا ہوگیا ہے، مجھےنہیں پتاکہ اس بارمیں بچتا ہوں یا نہیں۔ ہاں میرےپاس اتنے پیسےضرور ہیں کہ بیماری بگڑنے پر مہنگا علاج کراسکتا ہوں'۔

انہوں نے مزید لکھا 'مگرسچ تو یہ ہےکہ جب میں اپنے ارگرد مسائل کا انبار دیکھتا ہوں تو ایسی دنیامیں فقط جیے چلے جانے کا بھی اب مزا نہیں'۔

خیال رہے کہ سال 2020 میں کورونا کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

رواں برس ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس، اداکار علی رحمٰن اور علی عباس کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ دسمبر میں اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ان سے قبل اداکار بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انہیں 9 دسمبر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

بہروز سبزواری کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ایک دن قبل ہی اداکارہ نیلم منیر نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیلم منیر سے قبل میزبان و رکن اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میزبان و اداکارہ طوبیٰ عامر میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا بھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں