10 کھرب روپے کا ریونیو اکٹھا کرنے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عمل شروع

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2021
اس عمل کے ایک حصے کے طور پر نیپرا فیسکو، لیسکو اور آئیسکوکی ٹیرف میں اضافے کی درخواستوں پر عوامی سماعت کی — فائل فوٹو / اے ایف پی
اس عمل کے ایک حصے کے طور پر نیپرا فیسکو، لیسکو اور آئیسکوکی ٹیرف میں اضافے کی درخواستوں پر عوامی سماعت کی — فائل فوٹو / اے ایف پی

اسلام آباد: حکومت نے مالی سال 21-2020 میں اپنے ریونیو کی ضروریات کو پورا کرنے اور سابق واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے 10 کھرب روپے سے زائد اضافی ریونیو جمع کرنے سے متعلق اقدامات کرتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا عمل شروع کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 21-2020 کے لیے سالانہ ایڈجسٹمنٹ، تقسیم کے مارجن کے اشاریے اور چند بین الاقوامی قرض دینے والی ایجنسیوں کے ساتھ معاہدوں کی مد میں یہ اضافہ کیا جارہا ہے۔

اس عمل کے ایک حصے کے طور پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیصل آباد، لاہور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی 3 بڑی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹیرف میں اضافے کی درخواستوں پر عوامی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: نیپرا کا بجلی کے نرخوں میں ساڑھے 3 روپے فی یونٹ اضافے کا عندیہ

دیگر ڈسکوز کی درخواستوں پر سماعت آئندہ چند ہفتوں میں ہوگی۔

سماعت کے دوران نیپرا کے کیس افسران نے بتایا کہ تینوں ڈسکوز فیسکو، لیسکو اور آئیسکو نے توانائی چارجز، صلاحیت کے چارجز، سسٹم کے استعمال کے چارجز، سالانہ آپریشن اور بحالی کے اخراجات، ریگولیٹری اثاثے پر ریٹرنز، پہلے سال کی ایڈجسٹمنٹ اور مجموعی تقسیم کے مارجن کے حساب سے 677 ارب روپے کی مجموعی ایڈجسٹمنٹ طلب کی ہیں۔

سماعت میں بتایا گیا کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے 366 ارب روپے، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 269 ارب روپے اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے 42 ارب 20 کروڑ روپے کی ایڈجسٹمنٹ طلب کی ہے۔

فیسکو کے نمائندے نے ریگولیٹر کو بتایا کہ صلاحیت کی ادائیگی کی رقم توانائی کے معاوضوں سے زیادہ ہے۔

انہوں نے ریگولیٹر سے کمپنی کے مالی خلا کو پورا کرنے کے لیے مناسب ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کی۔

دیگر دو ڈسکوز کے نمائندوں نے بھی اپنی درخواستوں کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ایڈجسٹمنٹ مالی تقاضوں کے مطابق اور طے شدہ پالیسی کے بینچ مارک کے مطابق تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے موسم گرما میں لوڈشیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کو ‘نتائج‘ سے خبردار کردیا

ملتان الیکٹرک پاور کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی جیسے دیگر ڈسکوز کی درخواستوں پر آئندہ ہفتوں میں سماعت ہوگی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے مطابق اور سرکلر ڈیبٹ منیجمنٹ پلان کے تحت دسمبر 2022 تک صارفین کے لیے فی یونٹ 4 سے 5 روپے اضافے کو منظور کیا جائے گا۔

ٹیرف میکانزم کے تحت صارفین کو ایندھن کی لاگت میں تبدیلیاں خود کار طریقے سے صرف ماہانہ بنیادوں پر کی جاتی ہیں جبکہ بجلی کی خریداری کی قیمت، صلاحیت کے چارجز، متغیر آپریشن اور بحالی کے اخراجات، سسٹم کے استعمال کے چارجز اور ٹرانسمیشن اور تقسیم کے نقصانات کے اثرات کے حوالے سے سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر وفاقی حکومت بیس ٹیرف میں شامل کرتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں