وزیراعظم عمران خان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 50 لاکھ ہوگئی

اپ ڈیٹ 09 مئ 2021
عمران خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی سیاستدان بن گئے ہیں—فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام
عمران خان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی سیاستدان بن گئے ہیں—فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام

وزیراعظم عمران خان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فعال رہتے ہیں اور ان کا شمار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔

اور اب وزیراعظم عمران خان فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھی سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی سیاستدان بن گئے ہیں۔

وزیراعظم کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 9 مئی کو 50 لاکھ تک جا پہنچی جس پر وہ اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد پوسٹس شیئر کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان دنیا بھر میں فیس بک پر فالو کیے جانے والے چوتھے سیاستدان

عمران خان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ایک ایسے وقت میں دیکھنے میں آیا جب وہ سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اس دوران ان کے آفیشل فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر ان کے دورے کی تفصیلات و تصاویر شیئر کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم کے علاوہ انسٹاگرام پر بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف بھی انسٹاگرام پر موجود ہیں لیکن ان کے فالوورز کی تعداد کافی کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سب کو 'اَن فالو' کردیا گیا

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان انسٹاگرام پر اپنی روزمرہ سرگرمیوں پر مشتمل تصاویر و ویڈیوز، نوجوانوں کے لیے خصوصی پوسٹس شیئر کرتے ہیں یا کرکٹ کے دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہیں اور ان کے اکاؤنٹس سے شیئر کی گئی مختلف پوسٹس بہت زیادہ پسند بھی کی جاتی ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر 2020 میں وزیراعظم عمران خان پہلے اور واحد پاکستانی سیاستدان بن گئے تھے جنہیں فیس بک پر ایک کروڑ افراد فالو کررہے تھے۔

قبل ازیں جولائی 2020 میں جاری کی گئی ایک تحقیق میں عمران خان کو ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی دنیا کی 9ویں سیاسی شخصیت قرار دیا گیا تھا اور ان کے آفیشل اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد میں 22 فیصد اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کو پیچھے چھوڑ دیا

بعد ازاں 25 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آن لائن خطاب کیا تھا اور ان کے خطاب کی ویڈیو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بن گئی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی ویڈیو یکم اکتوبر کی سہ پہر تک ایک لاکھ 70 ہزار 250 سے زائد بار دیکھی گئی تھی۔

علاوہ ازیں سال 2019 میں ٹائم میگزین نے ’متاثر کن افراد‘ کی فہرست میں وزیر اعظم عمران خان کا نام بھی شامل کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں