معید یوسف قومی سلامتی کے مشیر مقرر

19 مئ 2021
معید یوسف 24 دسمبر 2019 کو معاون خصوصی برائے قومی سلامتی تعینات ہوئے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
معید یوسف 24 دسمبر 2019 کو معاون خصوصی برائے قومی سلامتی تعینات ہوئے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے معید یوسف کو مشیر قومی سلامتی مقرر کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے 17 مئی کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مشیر قومی سلامتی کی حیثیت سے معید یوسف کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

وہ یہ عہدہ پانے والے آٹھویں اور تیسرے سویلین ہیں، مارچ 1969 میں میجر جنرل غلام عمر کو پہلا مشیر قومی سلامتی مقرر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر معید یوسف معاون خصوصی برائے قومی سلامتی مقرر

ڈاکٹر معید یوسف اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی اور تزویراتی پالیسی منصوبہ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔

ان کے پاس وزیراعظم کے معاون خصوصی کا عہدہ 24 دسمبر 2019 سے نئی ترقی ہونے تک تھا جو وزیر مملکت کے برابر ہوتا ہے۔

معید یوسف نے مختصر عرصے کے لیے اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کی سربراہی بھی کی وہ اس عہدے پر 26 ستمبر 2019 سے 23 دسمبر 2019 تک فائز رہے۔

مزید پڑھیں: معید یوسف نے ان کی بھارت میں بطور ہائی کمشنر تعیناتی کی خبریں مسترد کردیں

یہ سیل وزیراعظم کے دفتر میں قائم ہے جس کا کام قومی سلامتی کے زمرے میں آنے والے معاملات پر مشورے فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل ڈاکٹر معید یوسف امریکا کے انسٹیٹیوٹ فار پیس سے منسلک تھے جہاں ان کے پاس ایشیا سینٹر کے نائب صدر کا عہدہ تھا۔


یہ خبر 19 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں