پاکستان سپر لیگ کی چار فرنچائزوں میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت

15 جون 2021
انجریز اور بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے کھلاڑی وطن واپس لوٹ گئے— فوٹو: پی ایس ایل
انجریز اور بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے کھلاڑی وطن واپس لوٹ گئے— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں انجریز اور غیرملکی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی مصروفیات کے سبب چار فرنچائزوں کے اسکواڈ میں کچھ اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ایونٹ میں مسلسل جدوجہد کا سامنا کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگا ہے اور وہ ویسٹ انڈین آندرے رسل کی خدمات سے محروم ہو گئے ہیں۔

آندرے رسل اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، وہ انجری کی وجہ سے فیلڈنگ بھی نہیں کر سکے تھے اور ان کی جگہ نسیم شاہ نے فیلڈنگ میں جگہ لی تھی۔

گلیڈی ایٹرز نے آندرے رسل کی جگہ متحدہ عرب امارات کے فاسٹ باؤلر ظہور خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ادھر پشاور زلمی کی ٹیم بھی متعدد اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے مھروم ہو گئی ہے جو قومی ذمے داریوں کی ادائیگی کے لیے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔

زلمی کے ڈیوڈ ملر، فیبیئن ایلن اور فیڈل ایڈورڈز بقیہ میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ آل راؤنڈر عمران رندھاوا ویزا مسائل کے سبب ابوظبی نہیں آ سکیں گے۔

زلمی نے اپنے اسکواڈ میں نوجوان آسٹریلین بلے باز جوناتھن ویلز کو شامل کرلیا ہے

ادھر ملتان سلطانز نے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جگہ خیبر پختونخوا کے اسپنر آصف آفریدی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

ابوظبی میں ایونٹ کی شروعات سے قبل کراچی میں شاہد آفریدی کو کمر میں تکلیف ہوئی اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد انہوں نے لیگ کے بقیہ میچز میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسکواڈ میں عمر امین اور ویسٹ انڈین اوپنر برینڈن کنگ کو شامل کر لیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں