امریکی گلوکار بلیک شیلٹن اور گلوکارہ گوین اسٹیفنی نے شادی کرلی

اپ ڈیٹ 06 جولائ 2021
دونوں نے تین جولائی کو شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے تین جولائی کو شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار و موسیقار 45 سالہ بلیک شیلٹن نے اپنی دیرینہ دوست گلوکارہ 51 سالہ گوین اسٹیفنی سے چند سال تعلقات میں رہنے کے بعد شادی کرلی۔

دونوں اداکاروں کے درمیان 2015 کے بعد اس وقت تعلقات استوار ہوئے تھے جب کہ دونوں کی پہلی شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔

دونوں گلوکاروں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی کہ دونوں نے 3 جولائی کو قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کرلی۔

شادی کے موقع پر گلوکارہ گوین اسٹیفنی نے سفید رنگ جب کہ بلیک شیلٹن نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا۔

دونوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں کورونا کی وبا کے دوران منگنی کی تھی اور جلد شادی کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا اور پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ دونوں رواں برس کے وسط تک شادی کرلیں گے۔

دونوں کے درمیان 2015 میں ٹی وی کے ایک موسیقی کے پروگرام میں ججز کے طور پر خدمات سر انجام دینے کے دوران تعلقات استوار ہوئے جو گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہوتے گئے۔

دونوں کو گزشتہ 6 سال سے ایک ساتھ دیکھا گیا لیکن دونوں نے کبھی بھی سال 2020 سے قبل اپنے تعلقات کو رشتے داری میں بدلنے کی بات نہیں کی تھی۔

بلیک شیلٹن کی یہ تیسری شادی ہے، ان کی پہلی شادی کنیٹ ولیمز سے 2003 میں ہوئی تھی جو محض تین سال چلی اور دونوں کے درمیان 2006 میں طلاق ہوگئی۔

بلیک شیلٹن نے دوسری شادی گلوکار مرنڈا لمبرٹ سے 2011 میں کی مگر ان کی شادی بھی محض 4 سال ہی چل سکی اور دونوں کے درمیان 2015 میں طلاق ہوگئی۔

دوسری شادی کے خاتمے کے کچھ ہی عرصے بعد بلیک شیلٹن کے تعلقات گوین اسٹیفنی سے استوار ہوئے، جن سے انہوں نے 3 جولائی 2021 کو تیسری شادی کی۔

گوین اسٹیفنی کی بھی یہ دوسری شادی ہے، ان کی پہلی شادی برطانوی موسیقار گون روساڈیل سے 2002 میں ہوئی تھی اور انہیں پہلی شادی سے تین بچے ہیں۔

گوین اسٹیفنی کی پہلی شادی 2016 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی، جس کے بعد ہی وہ بلیک شیلٹن کے ساتھ سرعام دکھائی دینے لگیں۔

دونوں کی شادی پر ان کے مداحوں اور دوستوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں