عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کی افواہیں

اپ ڈیٹ 06 جولائ 2021
دونوں نے افواہوں پر کوئی جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے افواہوں پر کوئی جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سوشل میڈیا پر گلوکار عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی منگنی کی افواہیں پھیلنے کے بعد گلوکار کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی کررہا ہے۔

ماضی میں عاصم اظہر کے تعلقات اداکارہ ہانیہ عامر سے تھے اور خبریں تھیں کہ دونوں جلد رشتے میں بندھ جائیں گے مگر ان کے تعلقات صرف خبروں کی حد تک ہی محدود رہے۔

چند ہفتے قبل ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے درمیان تلخیاں بڑھنے کے بعد اب خبریں پھیل رہی ہیں کہ گلوکار نے ماڈل میرب علی سے منگنی کرلی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں میں کسی بھی تصدیقی ذرائع کا حوالہ دیے بغیر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عاصم اظہر اور میرب علی نے سادگی سے منگنی کرلی۔

شوبز سوشل میڈیا پیجز اور انٹرٹینمنٹ ویب سائٹس میں شائع خبروں کے مطابق دونوں نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اہل خانہ کی موجودگی میں منگنی کی۔

پھیلنے والی افواہوں کے مطابق دونوں نے اہل خانہ کی رضامندی سے سادگی سے منگنی کی لیکن دونوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔

ماڈل اور گلوکار کی منگنی کی خبریں پھیلنے کے بعد ٹوئٹر پر عاصم اظہر کے نام کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر آگیا اور لوگوں نے ان کی پرانی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔

عاصم اظہر کی منگنی کی افواہیں پھیلنے کے بعد بعض لوگوں نے سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

ماضی میں اگرچہ عاصم اظہر اور میرب علی ایک دکھائی دیے لیکن دونوں کے درمیان کبھی تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئیں۔

منگنی کی افواہوں کے بعد عاصم اظہر کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا—اسکرین شاٹ
منگنی کی افواہوں کے بعد عاصم اظہر کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا—اسکرین شاٹ

ماضی میں میرب علی اور عاصم اظہر کے اہل خانہ کو بھی ملتے ہوئے دیکھا گیا اور ان دونوں کے خاندانی تعلقات بھی رہے ہیں مگر اب دونوں کی منگنی کی افواہیں پھیل رہی ہیں۔

منگنی کی افواہیں پھیلنے کے باوجود تاحال میرب علی اور عاصم اظہر نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد دونوں وضاحت کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں