باجوڑ کے اراکین اسمبلی، عمائدین سے پولیس سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ

13 جولائ 2021
ڈی پی او  عبدالصمد نے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کردی—فوٹو؛ اے پی پی
ڈی پی او عبدالصمد نے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کردی—فوٹو؛ اے پی پی

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی انتظامیہ نے اراکین عمائدین، اسمبلی، سیاست دانوں اور دیگر بااثر افراد کی پولیس سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ان شخصیات کی سیکیورٹی پرمامور اہلکاروں کو پولیس لائنز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلعی پولیس آفیسر عبدالصمدکی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، ان کا ماننا ہے کہ مذکورہ شخصیات میں سے اکثر سیکیورٹی پروٹوکول کے لیے اہل نہیں ہیں اور وہ صرف اپنی نمائش کے لیے استعمال کرتےہیں۔

ذرائع نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تقریباََ400 پولیس اہلکار تعینات ہیں، ایسے سیاسی منتظمین جو ریٹائرڈ یا حاضر سروس ہیں یا ضلع سے باہر خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہ بھی پولیس سیکیورٹی حاصل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غیرمتعلقہ افراد کی سیکیورٹی پر مامور 13 ہزار سیکیورٹی اہلکار واپس

ڈی پی او عبدالصمد خان نے ایک ہفتہ قبل ہی عہدہ سنبھالا ہے اور وہ یہ جان کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ غیرمتعلقہ افراد کو پولیس سیکیورٹی دی گئی اور اس طرح کی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران کی واپسی کا حکم دے دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ قانون ساز اور دیگر نے دو سے تین پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی حاصل کر رکھی ہے، جن کو وہ ذاتی گارڈز، ڈرائیورز، ملازم اور باورچی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور محکمہ تعلیم میں نچلے عہدے پر تعینات متعدد افسران، کاروباری شخصیات اور قانون سازوں کے رشتہ دار بھی پولیس سیکیورٹی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ضلعی پولیس افسر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مستقبل میں صرف اہل افراد کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں