• KHI: Fajr 4:59am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:21am Sunrise 5:44am
  • ISB: Fajr 4:23am Sunrise 5:48am
  • KHI: Fajr 4:59am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:21am Sunrise 5:44am
  • ISB: Fajr 4:23am Sunrise 5:48am

جو کچھ بھی ہوں فہد مصطفیٰ کی وجہ سے ہوں، فہد شیخ

شائع July 19, 2021
فہد مصطفیٰ نے ایک طرح سے ’گود‘ لے لیا ہے، فہد شیخ
فہد مصطفیٰ نے ایک طرح سے ’گود‘ لے لیا ہے، فہد شیخ

’جلن، ڈنک، گھمنڈی اور آزمائش‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کی وجہ سے شائقین کا دل جیتنے والے اداکار فہد شیخ کا کہنا ہے کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں فہد مصطفیٰ کی وجہ سے ہیں۔

فہد شیخ حال ہی میں احسن خان کے شو ’ ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں یشما گل کے ہمراہ شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت نجی زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہیں اچانک ایک کے بعد ایک ڈرامے میں کاسٹ کیا جانے لگا ہے۔

فہد شیخ نے بتایا کہ اداکاری سے قبل وہ لاہور میں کافی عرصے تک میزبانی کرتے رہے اور انہوں نے شوبز میں آنے سے قبل ہی شادی کرلی تھی۔

فہد شیخ نے بتایا کہ ان کے پسندیدہ اداکاروں میں امیتابھ بچن شامل ہیں لیکن وہ خود قوی خان بننا چاہتے ہیں، کیوں کہ انہوں نے پاکستانی ڈراموں کے لیے بہت کچھ کیا اور وہ بھی ان کی طرح شاندار کام کرنا چاہتے ہیں۔

پسندیدہ اداکارہ کے سوال پر فہد شیخ نے کسی کا نام لینے سے گریز کیا، بعد ازاں انہوں نے اپنی ساس اداکارہ شاہدہ منی کا نام لیا اور بتایا کہ وہ ان کی پسندیدہ اداکارہ اور گلوکارہ ہیں۔

اداکار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ کسی کی شاندار اداکاری دیکھ کر شوبز میں نہیں آئے اور ایسا سمجھنا کہ وہ اپنی ساس کو دیکھنے کے بعد شوبز میں آئے، غلط ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فہد شیخ نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں طعنے دیے گئے کہ ان کا ’قد‘ چھوٹا ہے، ان کی ’اردو‘ اچھی نہیں، وہ ’متکبر‘ ہیں اور وہ ’اداکار‘ نہیں بن سکیں گے۔

فہد شیخ نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری کے لیے لاہور سے کراچی منتقل ہونے کا فیصلہ کیا اور ان کی اہلیہ نے ان کا ساتھ دیا اور انہیں جب ’جلن‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے ڈرامے میں کام کی حامی بھری۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ’جلن‘ میں کام کرنے کے بعد انہیں ایک کے بعد ایک ڈرامے میں کاسٹ کیا گیا اور ایک طرح سے ’جلن‘ میں کام کرنا ان کے لیے ’چھکا‘ ثابت ہوا۔

اسی حوالے سے انہوں نے بات کرتے ہوئے ’جلن‘ کے پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کی تعریف بھی کی اور کہا کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں یا وہ اس شو میں بیٹھے ہیں تو وہ فہد مصطفیٰ کا ہی کمال ہے۔

اداکار نے بتایا کہ فہد مصطفیٰ نے ایک طرح سے انہیں ’گود‘ لے لیا ہے اور وہ ان کے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فہد شیخ نے کہا کہ اب تک انہوں نے ڈراموں میں قدرے اچھے کردار ادا کیے ہیں اور وہ صرف لڑکیوں سے محبت اور اظہار محبت کرتے دکھائی دیے ہیں لیکن اب ان کی خواہش ہے کہ انہیں منفی کردار ملیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 ستمبر 2024
کارٹون : 8 ستمبر 2024