موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس: سعودی عرب کی وزیر اعظم کو شرکت کی دعوت

31 جولائ 2021
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیر اعظم کو دعوت نامہ ان کے دفتر میں پہنچایا — فائل فوٹو: اے پی پی
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیر اعظم کو دعوت نامہ ان کے دفتر میں پہنچایا — فائل فوٹو: اے پی پی

سعودی عرب نے وزیر اعظم عمران خان کو اکتوبر میں منعقد ہونے والی 'مڈل ایسٹ گرین اِنیشی ایٹو سَمٹ' میں شرکت کی دعوت دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیر اعظم کو دعوت نامہ ان کے دفتر میں پہنچایا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

قبل ازیں مارچ میں سعودی قیادت نے 'سعودی گرین' اور 'مڈل ایسٹ گرین' اسکیموں کا اجرا کیا تھا جن کا مقصد ہائیڈو کاربن ٹیکنالوجیز کے ذریعے اور 50 ارب درخت لگا کر کاربن کا اخراج 60 فیصد تک کم کرنا، ان درختوں میں سے 10 ارب سعودی عرب میں لگائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کا وزیر اعظم کو ٹیلی فون، تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

سعودی گرین اقدامات میں زیادہ توجہ مقامی سطح پر مرکوز کی جائے گی جبکہ سلطنت، مڈل ایسٹ گرین اقدامات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی اہداف حاصل کرنے کے لیے علاقائی کوششوں کی قیادت کی کوشش کر رہی ہے۔

پاکستان ان ممالک میں سے ہے جنہوں نے سب سے پہلے ان اقدامات کا خیر مقدم کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اس موقع پر لکھے گئے خط میں بڑے پیمانے پر شجرکاری منصوبوں میں پاکستان کی مدد کی پیشکش کی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ سعودی اقدامات، وزیر اعظم عمران خان کے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات 'کلین اینڈ گرین پاکستان' اور '10 بلین ٹری سونامی' سے قریب تر ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ 'پاکستان اور سعودی عرب موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق حکمت عملیوں کے حوالے سے سنرجیز کے قیام کے لیے قریبی تعاون کر رہے ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں