مسلم لیگ(ن) کے احسن اقبال ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار

01 اگست 2021
احسن اقبال گزشتہ سال جون میں بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
احسن اقبال گزشتہ سال جون میں بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ مجھ میں کووڈ-19 کی دوبارہ تشخیص ہوئی ہے اور میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے-

مزید پڑھیں: کراچی میں بھارت کی طرح کورونا پھیلا تو ذمے دار عمران خان ہوں گے، بلاول

انہوں نے کہا کہ تمام دوستوں، احباب اور بالخصوص اہلیان نارووال سے درخواست ہے کہ میری جلد صحتیابی کے اپنی دعاؤوں میں مجھے یاد رکھیں۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے عوام سے ماسک پہننے اور کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی۔

یاد رہے کہ احسن اقبال ایک سال کے طویل عرصے کے بعد دوبارہ کورونا کا شکار ہوئے ہیں اور گزشتہ سال 11 جون کو ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے احسن اقبال کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی رہنما نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ احسن اقبال ایک ایسے موقع پر کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جب وائرس کی چوتھی لہر کی وجہ سے تیزی کے ساتھ کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

پاکستان میں چوتھی لہر کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کا ذمے دار ڈیلٹا ویریئنٹ کو قرار دیا جا رہا ہے اور جس کی وجہ سے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں مثبت کیسز کی شرح انتہائی زیادہ ہے۔

وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کرنے کی وجہ سے جمعہ کو حکومت سندھ نے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم ایک شخص سے کم از کم پانچ لوگوں میں لازمی طور پر منتقل ہوتی ہے، کراچی میں اگر 2 ہزار کیسز بھی سامنے آتے ہیں اور یہ اوسطاً 5 لوگوں میں بھی منتقل کرتا ہے تو یہ بڑھتا رہے گا اس لیے اسے روکنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ڈیلٹا قسم کی تباہی سب نے دیکھ لی ہے اور اگر اسے روکا نہ گیا تو ہسپتالوں پر دباؤ بڑھتا جائے گا جس کے نتیجے میں صورتحال کنٹرول سے باہر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن پر وفاق کو اعتماد میں نہیں لیا، گورنر سندھ

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً پانچ ہزار افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس کے بعد پاکستان میں فعال کیسز کی تعداد 66ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اس دوران مزید 64 افراد کی موت بھی ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 360 ہو گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں