حکومت نے 10 نئے ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 12 اگست 2021
وزیر اعظم عمران خان تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
وزیر اعظم عمران خان تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے 10 نئے ڈیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سولر اور ہائیڈرو پاور سے بجلی بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایسی بجلی بنائیں گے جس سے موسم پر اثر نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کا مسئلہ پوری دنیا کو درپیش ہے، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے اب ایسے مقامات پر بھی آگ لگ رہی ہے جو تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 'اس کے علاوہ اس طرح کے سیلاب بھی دیکھے جارہے جو کبھی تاریخ میں نہیں دیکھے گئے، دنیا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ ہم ایسی بجلی بنائیں کہ جس سے گلوبل وارمنگ پر اثرات نہ پڑیں'۔

مزید پڑھیں: معاشی اعتبار سے وزیراعظم عمران خان کے 3 سال

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ 2030 تک اپنی زیادہ تر بجلی کو ایندھن جلاکر نہ بنائیں بلکہ پانی، ہوا اور دیگر ذرائع کو استعمال کریں۔

انہوں نے بتایا کہ 'اس 5ویں توسیعی منصوبے سے اس ڈیم کی زندگی لمبی ہوجائے گی، اس کے ساتھ ساتھ داسو اور بھاشا ڈیم کا وقت پر بننا بہت ضروری ہے، ہم نے پہلے ان کا نہیں سوچا'۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 'بھاشا ڈیم بنانے کا فیصلہ 1984 میں ہوا تھا، اس کے اب تک نہ بننے کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان ہوا، ہم دنیا کی مہنگی ترین بجلی بنارہے ہیں اور معاہدے ایسے ہیں کہ اس کا استعمال کریں یا نہ کریں ہمیں اس کے پیسے دینے پڑتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر ہم پانی سے بجلی بناتے تو بجلی اتنی مہنگی نہیں ہوتی، ہم نے طویل المدتی منصوبے نہیں کیے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے'۔

عمران خان نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 10 سالوں میں پاکستان میں 10 ڈیم بنائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آبادی کے بڑھنے کی وجہ سے پانی کی بھی کمی آرہی ہے، ہم اس کا ذخیرہ کریں گے تو عوام کو پانی پہنچا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2025 میں مہند ڈیم تیار ہوجائے گا، 2028 میں بھاشا ڈیم تیار ہوجائے گا اور اس طرح آہستہ آہستہ ہم آنے والی نسلوں کا مستقبل کو تحفظ فراہم کرسکیں گے۔

تربیلا 5 توسیعی منصوبہ

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان تربیلا 5 توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے تربیلا پہنچے تھے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق تربیلا 5 توسیعی منصوبہ 80 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جس میں ورلڈ بینک اور ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک منصوبے کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی روایات اور دین کے مطابق سیاحت کو فروغ دیں گے، وزیراعظم

منصوبہ محض 3 سال کی قلیل مدت میں 2024 تک مکمل کر لیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد مستقبل میں تربیلا ڈیم کو مٹی بھرنے کے خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔

منصوبے کی بدولت تربیلا ڈیم سے زرعی مقاصد کے لیے پائیدار بنیادوں پر پانی کی دستیابی جاری رہے گی۔

تربیلا 5 توسیعی منصوبے سے 1530 میگاواٹ ماحول دوست اور سستی پن بجلی بھی حاصل ہو گی اور منصوبہ ہر سال نیشنل گرڈ کو ایک ارب 34 کروڑ یونٹ سستی بجلی مہیا کرے گا۔

اس منصوبے کی بدولت تربیلا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ تربیلا 5 توسیعی منصوبہ پاکستان کی پانی، خوراک اور توانائی کی اہم ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں