پشاور: طالبان کی حمایت میں بینر لگانے پر 2 افراد گرفتار

اپ ڈیٹ 24 اگست 2021
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے— فائل فوٹو:اے ایف پی
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے— فائل فوٹو:اے ایف پی

پشاور: فقیر آباد پولیس نے پشاور کے گورنمنٹ کالج چوک پر بینر لگانے پر 2 افراد کر گرفتار کرلیا جس میں طالبان کو کابل پر قبضے کی مبارکباد دی گئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر آویزاں بینر کی تصاویر شیئر ہونے کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

ایک پولیس عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ جس پلازہ پر بینر لگائے گئے اس کے مالک رحیم اللہ اور صادق حسین نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: سوشل میڈیا پر طالبان کی حمایت کے الزام میں 14 افراد گرفتار

انہوں نے کہا کہ دونوں ملزمان کے خلاف طالبان کو مبارک باد کا پیغام دینے کے ذریعے پاکستان کی خود مختاری کو خطرے میں ڈالنے اور نقصان پہنچانے پر تعزیزات پاکستان کی دفعہ 123-اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اس سے قبل جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سابق امیر صابر حسین اعوان کی جانب سے طالبان کی تعریف میں بینرز لگائے گئے تھے۔

تاہم سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے سبب جماعت اسلامی کی قیادت کی مداخلت پر مذکورہ بینرز ہٹا دیے گئے تھے۔

مزید پرھیں: جامع طالبان حکومت کا قیام، ملاعبدالغنی مذاکرات کیلئے کابل پہنچ گئے

ترجمان جماعت اسلامی نے کہا تھا کہ ان کی جماعت کا طالبان کی حمایت کے پیغام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے علم میں ہے نہ ہی ہم نے یہ نصب کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں