نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلئے 13ستمبر کو بورڈ آف گورنر کا اجلاس طلب

27 اگست 2021
نئے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے رمی راجہ کو مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی/ اے پی
نئے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے رمی راجہ کو مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی/ اے پی

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 13 ستمبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے پی سی بی کے 36ویں چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ جمعہ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا اور کمیشن کی ہدایت پر بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سابق کپتان رمیز راجہ اور اسد علی خان کو آئندہ 3سال کے لیے بورڈ آف گورنرز کا کارکن نامزد کیا تھا اور رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔

بورڈ آف گورنرز کے دیگر اراکین میں عاصم واجد جواد، عالیہ ظفر، عارف سعید اور جاوید قریشی شامل ہیں جبکہ پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ پی سی بی چیئرمین کے عہدے پر کام جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

نیشنل ویمنز سلیکٹر عہدے سے دستبردار

قومی ویمنز ٹیم کی چیف سلیکٹر مرینہ اقبال اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے استعفے کی تصدیق کردی ہے۔

مرینہ اقبال پاکستان کی سابق کرکٹر ہیں جنہیں مارچ 2019 میں سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا گیا تھا اور انہوں نے ویمنز ورلڈ کپ سمیت مختلف دوروں کے لیے پاکستان کی ٹیم کا انتخاب کیا۔

اپنے بیان میں مرینہ اقبال نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے مستقبل میں کمنٹری پر توجہ دینے کے لیے یہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرینہ نے کہا کہ ویمنز ٹیم بہت باصلاحیت ہے اور وہ کمنٹری باکس میں بیٹھ کر اس ٹیم کو فالو کرتی رہیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں