پاستہ بنانے کی ویڈیو پر عالیہ رشید کا تبصرہ، سرفراز کا اظہارِ برہمی

اپ ڈیٹ 31 اگست 2021
سرفراز احمد کی اہلیہ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سابق کپتان پاستہ بناتے ہوئے نظر آرہے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی
سرفراز احمد کی اہلیہ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سابق کپتان پاستہ بناتے ہوئے نظر آرہے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اہلیہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر ایک متنازع واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے تبصرہ کرنے پر خاتون صحافی و تجزیہ نگار عالیہ رشید کی ٹوئٹ پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔

سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سابق کپتان پاستہ بناتے ہوئے نظر آرہے تھے۔

خوش بخت سرفراز نے اپنی ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ 'ان کے ہمارے اردگرد ہونے کے فوائد'۔

ویڈیو میں سرفراز احمد کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 'شیف سرفراز کا پاستہ بنے گا، ہم اسے 15 سے 20 منٹس کے لیے اوون میں گرم کریں گے اور اس کے بعد ہمارا پاستہ تیار ہوجائے گا'۔

سرفراز احمد نے ویڈیو میں 'مٹنز' یعنی کچن گلوز پہنے ہوئے ہیں جو عام طور پر کھانا پکانے کے دوران ہاتھوں کو جلنے سے بچانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

ویڈیو کے آخر میں ان کی اہلیہ نے بتایا کہ 'آپ نے مٹنز الٹے پہنے ہوئے ہیں'، جس پر سرفراز نے کہا کہ ’اٹس اوکے'۔

اوون میں پاستہ رکھتے سرفراز احمد کی سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی اور کرکٹرز شاداب خان اور حسن علی نے ٹوئٹ پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔

شاداب خان نے ٹوئٹ کی کہ 'بھابھی آتے ساتھ ہی ہمارے کپتان کو کام پر لگا دیا'۔

باؤلر حسن علی نے سوال کیا کہ 'کیپٹن یہ والا ٹیلنٹ ہمیں بتایا ہی نہیں آپ نے؟'

بعدازاں شاداب خان نے مزاحیہ تبصری کرتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ کی اور کہا کہ 'اگلی چائے کپتان سے بنوانی ہے'۔

تاہم معاملہ اس وقت بگڑا جب خاتون صحافی عالیہ رشید نے شاداب خان کی ٹوئٹ پر جواب دیا اور کہا کہ 'بھائی ہلکا ہاتھ رکھیں، پانی پلانے پر آسمان ٹوٹ پڑا تھا، اب چائے بنوائیں گے'۔

مگر سرفراز احمد کو عالیہ رشید کا یہ تبصرہ کچھ پسند نہ آیا، انہوں نے ٹوئٹ کی کہ 'بات کیا ہورہی ہے اور آپ کیا بات کررہی ہیں'۔

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ 'پہلی بات آپ کو اس گفتگو میں شامل ہی نہیں ہونا چاہیے تھا، یہاں کرکٹ نہیں چل رہی، بہتر ہے آپ اپنی رائے کرکٹ تک ہی محدود رکھیں، پرسنل نہ ہوں'۔

جس کے جواب عالیہ رشید نے کہا کہ وہ مذاق کررہی تھیں۔

خیال رہے کہ عالیہ رشید نے اپنی ٹوئٹ میں اس واقعے کا حوالہ دیا تھا جب 2020 میں پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کے دوران سرفراز احمد پانی کی بوتلیں لے کر پچ پر موجود بلے بازوں کے پاس آئے تھے جس کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں اور شائقین کرکٹ نے کہا تھا کہ سرفراز کے ساتھ ایسا نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کسی کرکٹر نے کسی صحافی کے 'مزاحیہ تبصرے ' پر تنقید کی ہو۔

ان سےقبل 2018 میں بابر اعظم، صحافی زینب عباس کی ٹوئٹ پر برہم ہوگئے تھے جس میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں