بڑھاپے پر افسوس نہیں، 58 سالہ زندگی سے مطمئن ہوں، فریحہ الطاف

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2021
ماضی میں فلموں میں کام کی پیش کش ہوتی رہی، فریحہ الطاف—فوٹو: انسٹاگرام
ماضی میں فلموں میں کام کی پیش کش ہوتی رہی، فریحہ الطاف—فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی سپر ماڈل، فیشن ڈیزائنر،، پبلک ریلیشنز (پی آر) منیجر، آرٹسٹ و اداکارہ فریحہ الطاف نے 58 سال عمر ہونے پر فوٹو شوٹ کرواکر لوگوں کو پیغام دیا ہے کہ عمر رسیدہ ہونا شرمندگی کی بات نہیں اور زائد العمری سے لوگوں کو ڈرنا نہیں چاہیے۔

فریحہ الطاف نے حال ہی میں انگریزی میگزین ’دی نیوز آن سنڈے‘ (ٹی این ایس) کو دیے گئے انٹرویو کے لیے فوٹو شوٹ کروایا، جسے کافی سراہا جا رہا ہے۔

ماڈل و اداکارہ نے فوٹو شوٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے زائد العمری پر لوگوں کے خیالات اور خوف پر کھل کر بات کی اور پہلی مرتبہ عوام کو اپنی عمر بھی بتائی۔

فریحہ الطاف نے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ پچھلے ہفتے ہی 58 سال کی ہوئی ہیں اور انہیں عمر رسیدہ ہونے پر کوئی افسوس یا شرمندگی نہیں۔

انہوں نے لوگوں اور خاص طور پر خواتین کی عمر سے متعلق سماج میں رائج روایات پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں مشورہ دیا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنی عمر کو پوشیدہ رکھیں۔

فریحہ الطاف نے لکھا کہ پاکستان میں لوگوں سے ان کی عمر پوچھی جاتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی سوال کیا جاتا ہے کہ وہ عمر رسیدہ ہونے پریشان یا افسردہ ہیں؟

یہ بھی پڑھیں؛ فریحہ الطاف ویب سیریز میں منفی کردار ادا کرنے کیلئے تیار

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اب بھی پاکستان میں عمر سے متعلق پوچھنا معیوب سمجھا جاتا ہے؟

پوسٹ میں انہوں نے اپنی عمر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرسکون ہیں، انہیں کوئی ملال نہیں کہ وہ زائد العمر ہوگئیں، وہ اس بات پر خوش ہیں کہ وہ خوبصورت اور اچھے لوگوں کے ساتھ ہیں اور زندگی اب بھی باقی ہے اور انہیں بہت کچھ کرنا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے فوٹو شوٹ میں مدد فراہم کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میگزین کو دیے گئے انٹرویو کا لنک بھی شیئر کیا۔

ضعیف العمری میں کرائے گئے فوٹو شوٹ پر کئی شوبز شخصیات نے فریحہ الطاف کی تعریفیں کیں—فوٹو: انسٹاگرام
ضعیف العمری میں کرائے گئے فوٹو شوٹ پر کئی شوبز شخصیات نے فریحہ الطاف کی تعریفیں کیں—فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے انٹرویو میں اپنے 35 سالہ کیریئر پر کھل کر بات کی اور یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں 1980 کی دہائی میں پاکستانی فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے کام کرنے سے انکار کیا تھا۔

فریحہ الطاف کے مطابق انہیں فلم میں کام کی پیش کش ہوئی مگر انہوں نے اس لیے انکار کیا کہ خاتون کا کردار کوئی خاص نہیں تھا، کردار کا کام فلم میں بولڈ لباس پہن کر مختلف گانوں پر ڈانس کرنا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے فلم میں کام سے معذرت کی۔

مزید پڑھیں: ویب سیریز ’دائی‘ کی کہانی پر مداح برہم

ان کے مطابق انہیں دیگر مواقع پر بھی اداکاری کی پیش کش ہوئی مگر انہوں نے اچھے کردار نہ ملنے کی وجہ سے ہمیشہ اداکاری کرنے سے معذرت کی۔

فریحہ الطاف کا کہنا تھا کہ وہ اداکاری میں حقیقی طور پر اداکاری کرنا چاہتی تھیں صرف دکھاوا نہیں چاہتی تھیں، اس کی وجہ سے انہوں نے ماضی میں اداکاری کم کی۔

فریحہ الطاف کے فوٹو شوٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
فریحہ الطاف کے فوٹو شوٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اردو فلکس پر ریلیز کی گئی ویب سیریز ’دائی‘ میں انہوں نے اس لیے اداکاری کی، کیوں کہ انہیں اچھے کردار کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے ایک منفی خاتون کا کردار ادا کیا۔

فریحہ الطاف کے مطابق ویب سیریز میں ان کے کردار کے کئی روپ ہیں اور انہیں اداکاری کرکے محسوس ہوا کہ انہیں اس جیسے ہی کردار کرنے چاہئیں۔

انٹرویو کے دوران فریحہ الطاف نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ جلد ہی ’پوڈ کاسٹ‘ شروع کرنے والی ہیں، جن میں جنسی ہراسانی، خواتین پر تشدد، جسامت پر لوگوں کی تنقید، تنہا خواتین کی جانب سے بچوں کی پرورش سمیت دیگر اہم سماجی مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔

ان کے مطابق ’پوڈ کاسٹ‘ کا نام ’ایف ۔ وائے‘ ہوگا اور وہ شو میں اپنے بیٹے سمیت دیگر نوجوان آرٹسٹوں کے ہمراہ کام کرتی دکھائی دیں گی۔

اگرچہ انہوں نے جلد پوڈ کاسٹ شروع کرنے کی تصدیق کی لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک شو کا آغاز کریں گی اور اسے کس پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا۔

فریحہ الطاف کے مطابق وہ گزشتہ ہفتے 58 برس کی ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام
فریحہ الطاف کے مطابق وہ گزشتہ ہفتے 58 برس کی ہوئیں—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں