آئی پی ایل میں متنازع رن لینے پر ایشون پر شین وارن کی تنقید

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
متنازع رن لینے پر ایشون کی نائٹ رائیڈرز کے کپتان اوئن مورگن اور ٹم ساؤدھی سے تلخ کلامی بھی ہوئی— فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی
متنازع رن لینے پر ایشون کی نائٹ رائیڈرز کے کپتان اوئن مورگن اور ٹم ساؤدھی سے تلخ کلامی بھی ہوئی— فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں متنازع سنگل رن لینے پر عظیم اسپنر شین وارن کی تنقید کی زد میں آنے والے اسپنر روی چندرن ایشون کی حمایت میں ان کی ٹیم دہلی کیپیٹلز سامنے آگئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان میچ میں روی چندرن ایشون نے اپنے ساتھی بلے باز ریشابھ پنت کے بازو سے گیند ٹکرا کر جانے کے باوجود ایکسٹرا رن لیا جس پر ان کی نائٹ رائیڈرز کے کپتان اوئن مورگن اور ٹم ساؤدھی سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

مزید پڑھیں: انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ہی دن تنازع کھڑا ہوگیا

اگر فیلڈر کی جانب سے تھرو کی جانے والی گیند بلے باز سے ٹکرا کر جائے تو عمومی طور پر کھلاڑی رن نہیں لیتے کیونکہ اسے کرکٹ کے کھیل کی روح کی منافی سمجھا جاتا ہے البتہ بلے باز کو رن لینے سے روکنے کے حوالے سے کوئی قانون نہیں ہے۔

بحیثیت کپتان راجستھان رائلز کو آئی پی ایل کا افتتاحی ایڈیشن جتوانے والے شین وارن نے ایشون کے اس طرز عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے 36 لاکھ صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اس موضوع اور ایشون کے حوالے سے تقسیم نہیں ہونا چاہیے۔

شین وارن نے کہا کہ بہت آسان سی بات ہے کہ یہ بہت شرمناک بات ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ہر بار ایسا کرنے والے ایشون ہی کیوں ہوتے ہیں؟ میرے خیال میں مورگن نے ایشون کو درست باور کرایا کہ وہ قانون توڑ رہے ہیں۔

اس تنقید پر دہلی کیپیٹلز کی ٹیم ایشون کی حمایت میں سامنے آ گئی ہے اور ٹیم کے شریک مالک پارتھ جندل نے لیگ اسپنر کو فوراً ورلڈ کپ 2019 کے فائنل کی یاد دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ورلڈ کپ فائنل میں بین اسٹوکس سے گیند لگ کر باؤنڈری کے باہر گئی اور اس نے انگلینڈ کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تو اس وقت کوئی مسئلہ نہیں تھا، یہ تو منافقت کی انتہا ہے۔

دہلی کیپیٹلز کے کپتان ریشابھ پنت نے کہا کہ منگل کو ہونے والے میچ میں پیش آنے والے اس وقت کو کرکٹ کی روح کے عین مطابق اور کھیل کا حصہ قرار دیا۔

البتہ کولکتہ کے وکٹ کیپر دنیش کارتھک نے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ کی نشریات پر پابندی کا فیصلہ

کارتھک نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ مورگن ان لوگوں میں سے ہوں گے جو کھیل کی روح کی وجہ سے بلے باز کو رن لینے سے روکیں گے، یہ ایک دلچسپ موضوع اور میرا اس پر اپنا نقطہ نظر ہے لیکن فی الحال میں صورتحال بہتر کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ایشون کو کھیل کی روح کے منافی اقدام اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی وہ وہ ایسے تنازع کا حصہ رہ چکے ہیں۔

دو سال قبل انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں انہوں نے نان اسٹرائیکنگ اینڈ پر موجود جوز بٹلر کو اپنے رن اپ کے دوران ہی رن آؤٹ کردیا تھا کیونکہ انگلش بلے باز کریز سے باہر تھے۔

گوکہ منکڈ کو کرکٹ کے کھیل میں قانون حیثیت حاصل ہے لیکن اسے کھیل کی روح کے منافی تصور کیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں