عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کی پینٹنگز کو نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2021
باکسر محمد علی اپنی فائٹس کے درمیان اسکیچنگ اور پینٹنگ کرتے تھے—فائل فوٹو:اے پی
باکسر محمد علی اپنی فائٹس کے درمیان اسکیچنگ اور پینٹنگ کرتے تھے—فائل فوٹو:اے پی

عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کے خاکوں اور پینٹنگز کے نایاب مجموعے کو اگلے ہفتے نیویارک میں نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق باکسر محمد علی اپنی فائٹس کے درمیان اسکیچنگ اور پینٹنگ کرتے تھے۔

محمد علی کے 24 فن پاروں کے مجموعے میں بیشتر کارٹون اسٹائل میں ہیں اور کچھ پر ان کے دستخط بھی ہیں جو مذہب اور سماجی انصاف میں محمد علی کی دلچسپی کی عکاسی کرتے ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو رِنگ میں فائٹ سے متعلق ہیں۔

مزید پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں

نیلامی کرنے والی کمپنی بون ہیمز کے مطابق محمد علی نے 1978 میں تاریخی مِنی سیریز 'فریڈم روڈ' کی فلمبندی کے دوران 'اسٹنگ لائیک آ بی' نامی پینٹنگ بنائی تھی جس میں وہ جلوہ گر ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اکتوبر کو ہونے والی نیلامی میں یہ پینٹنگ 40 سے 60 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔

بون ہیمز نے کہا کہ ڈرائنگ کے لیے محمد علی کے جذبے سے بہت کم واقف تھے لیکن وہ فائٹ یا ٹریننگ کے بعد سکون کے طور پر پینٹنگ بنانا پسند کرتے تھے۔

بون ہیمز میں پاپولر کلچر ڈائریکٹر ہیلن ہال نے کہا کہ بہت سے لوگ پرجوش ہیں کیونکہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ ایک فنکار تھے اور کوئی بھی فن کے اس خزانے سے واقف نہیں تھے لیکن ہم بہت دلچسپی اور بہت جوش و خروش دیکھ رہے ہیں'۔

یہ مجموعہ روڈنی ہلٹن براؤن کے کلیکشن سے سامنے آیا جنہوں نے ان کے آرٹ پر محمد علی کے ساتھ کام کیا تھا۔

سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن، جنہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر 1964 میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا، 2016 میں 74 برس کی عمر میں پارکنسز ڈیزیز سے طویل جنگ کے بعد انتقال کرگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: باکسنگ لیجنڈ محمد علی انتقال کرگئے

1967 سے 'دی اسٹارونگ چائلڈ آف میسیسپی' کی تصویر کے ساتھ لکھا ہوا ہے کہ 'میں صرف آپ غریب سیاہ فام بچوں کو کھانا کھلانے میں مدد کے لیے لڑنا چاہتا ہوں'۔

ہیلن ہال نے ایک تصویر میں 1965 اور 1967 میں لاس اینجلس اور نیویارک میں ہونے والے نسلی فسادات کا حوالہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'محمد علی کی ایک پینٹنگ اسلام سے متعلق ہے اور کچھ باکسنگ سے متعلق ہیں'۔

محمد علی کے مجموعے میں 'امریکا: دی بگ جیل' اور 'وار ان امریکا' شامل ہیں جن کا قبل از فروخت تخمینہ 25 ہزار سے 35 ہزار ڈالر لگایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں