جنگ اور جیو گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن کی اہلیہ انتقال کر گئیں

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2021
مرحومہ نے ایک بیٹا اور چار بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں — فائل فوٹو / بشکریہ جیو
مرحومہ نے ایک بیٹا اور چار بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں — فائل فوٹو / بشکریہ جیو

جنگ اور جیو گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن مرحوم کی اہلیہ محمودہ خلیل الرحمٰن انتقال کر گئیں۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق محمودہ خلیل الرحمٰن کا انتقال 95 برس کی عمر میں کراچی میں ہوا۔

ان کی نماز جنازہ رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں بعد نماز جمعہ ادا کی گئی جبکہ تدفین سوسائٹی قبرستان میں کی گئی۔

نماز جنازہ اور تدفین میں عزیز و اقارب، سینئر صحافیوں سمیت اہم سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

مرحومہ نے ایک بیٹا اور 4 بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ گروپ کے چیئرمین، پبلشر میر جاوید الرحمٰن انتقال کرگئے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میر خلیل الرحمٰن کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ ایک انتہائی باوقار خاتون تھیں جو اپنے شوہر کی طرح اپنے دل میں مجھ سے اور میرے گھر والوں کے ساتھ خصوصی محبت کا رشتہ رکھتی تھیں'۔

وزیر اعظم عمران خان نے میر شکیل الرحمٰن کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے محمودہ خلیل الرحمٰن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ 'جنگ گروپ کی تشکیل اور اوج کمال تک پہنچانے میں ان کا کردار بہت اہم رہا'۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی میر خلیل الرحمٰن کی اہلیہ کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور مرحومہ کے لیے بلند درجات کی دعا کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں