عمر شریف کی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے، زرین غزل

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2021
عمر شریف 28 ستمبر کو امریکا کیلئے روانہ ہوئے تھے اور 2 اکتوبر کو انتقال کرگئے تھے—فائل فوٹو:انسٹاگرام
عمر شریف 28 ستمبر کو امریکا کیلئے روانہ ہوئے تھے اور 2 اکتوبر کو انتقال کرگئے تھے—فائل فوٹو:انسٹاگرام

پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین و اداکار مرحوم عمر شریف کی تیسری اہلیہ زرین غزل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمر شریف کی نمازِ جنازہ جامعہ دارالعلوم کورنگی کے نائب مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے۔

2 اکتوبر کو جرمنی میں عمر شریف کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی بیوہ زرین غزل کا ایک بیان گردش کررہا ہے۔

اس ویڈیو بیان میں زرین غزل نے پاکستان، بھارت اور دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی جانب سے عمر شریف کی صحتیابی کے لیے کی جانے والے دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

زرین غزل نے عمر شریف کے مداحوں سے کہا کہ آپ کی دعاؤں کے باعث عمر یہاں تک پہنچے اور آگے بھی انہیں آپ لوگوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے، اللہ ان کی آگے کی منزل آسان کرے۔

ویڈیو بیان میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں ہماری بہت مدد کی گئی۔

زرین غزل نے امریکا کے ہسپتال میں عمر شریف کے پہنچنے سے قبل ہی علاج کے انتظامات مکمل کرنے پر ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمر کی خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے، انہوں نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ وہ بزرگان دین کو مانتے تھے۔

زرین غزل نے کہا کہ میں حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سندھ حکومت نے ان کی اس خواہش کو پورا کیا۔

عمر شریف کا انتقال 2 اکتوبر کی دوپہر کو ہوا —فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کا انتقال 2 اکتوبر کی دوپہر کو ہوا —فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھائیں اور انہوں نے اسے قبول بھی کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری کامیڈین و اداکار عمر شریف 2 اکتوبر کی دوپہر کو یورپی ملک جرمنی کے ہسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے تھے۔

انہیں کراچی سے امریکا منتقل کرنے کے دوران طبیعت خراب ہونے پر جرمنی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کے انتقال پر شوبز شخصیات کا رنج و غم کا اظہار

عمر شریف کے بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد کی خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے لہٰذا ہم سندھ حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مزار کے احاطے میں تدفین کی اجازت دیں۔

اہلخانہ کی درخواست پر حکومت سندھ نے نامور کامیڈین کی مزار کے میں تدفین میں اجازت دے دی۔

تاہم عمر شریف کی تدفین کب تک کی جائے گی اس حوالے سے عمر شریف کے اہلخانہ نے کچھ نہیں بتایا۔

دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ مرحوم اداکار و کامیڈین عمر شریف کی خدمات کے اعتراف میں شہید ملت انڈر پاس کو ان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں