آزاد کشمیر: ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی اور پی پی پی ایک، ایک نشست پر کامیاب

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2021
دیگر آٹھ امیدوار، جن میں تقریباً تمام ہی آزاد امیدوار تھے، 50، 50 ووٹ ہی حاصل کر پائے— فائل فوٹو: اے ایف پی
دیگر آٹھ امیدوار، جن میں تقریباً تمام ہی آزاد امیدوار تھے، 50، 50 ووٹ ہی حاصل کر پائے— فائل فوٹو: اے ایف پی

مظفر آباد: رات گئے جاری ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بڑے پیمانے پر مانا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چوہدری یاسر سلطان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چوہدری عامر یٰسین نے ایل اے۔تھری میرپور تھری اور ایل اے۔ٹو کوٹلی فائیو کے ضمنی انتخابات میں نمایاں اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق میرپور شہر میں آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے صاحبزادے 46 سالہ یاسر سلطان نے 20 ہزار 142 ووٹ حاصل کیے اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے حریف چوہدری محمد سعید کو باآسانی شکست دی، جو 11 ہزار 608 ووٹ حاصل کر پائے۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں محمد سعید کو سلطان محمود کے ہاتھوں 3 ہزار 200 ووٹوں کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اتوار کے ضمنی انتخابات میں یہ فرق 8 ہزار 500 سے زائد ووٹوں کا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی نے مزید 3 مخصوص نشستیں حاصل کرلیں

ضمنی انتخابات کے دیگر امیدواروں میں پی ٹی آئی کے عمیر اصغر چوہدری نے 3 ہزار 843 ووٹ سمیٹے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اشرف ایک ہزار 450 ووٹ ہی حاصل کر پائے۔

دیگر 8 امیدوار، جن میں تقریباً تمام ہی آزاد امیدوار تھے، 50، 50 ووٹ ہی حاصل کر پائے۔

ایل اے 12 کوٹلی کے 197 میں سے 194 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق قانون ساز چوہدری محمد یٰسین کے صاحبزادے عامر یٰسین آسان فتح حاصل کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: ووٹوں کی گنتی جاری، سیاسی جماعتوں کے تصادم میں 2 افراد ہلاک

وہ حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے قریبی حریف چوہدری شوقت فرید سے 5 ہزار 500 ووٹوں کے بڑے فرق سے آگے تھے۔

ذرائع کے مطابق 34 سالہ عامر یٰسین نے 24 ہزار 335 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے شوکت فرید 18 ہزار 835 اور مسلم لیگ (ن) کے راجاریاست 17 ہزار 894 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عام انتخابات میں عامر یٰسین صرف ایک ہزار 450 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے راجا ریاست 20 ہزار 80 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی کے فرید شوکت 17 ہزار 525 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کی 25 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت

عامر یٰسین کے منتخب ہونے کے بعد وہ اور ان کے والد وہ تیسرے باپ بیٹے ہوں گے جو ایک ہی وقت میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔

ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد 53 اراکین کے ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کے قانوں سازوں کی تعداد 32 ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 12، مسلم لیگ (ن) کے 7، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) اور مسلم کانفرنس (ایم سی) کے ایک، ایک رکن موجود ہیں۔

جے کے پی پی اور ایم سی، پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتیں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں