سکھ گلوکار دلیر مہندی نے عید میلاد النبی ﷺ پر نعتیہ کلام جاری کردیا

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2021
دلیر مہندی کی تعریفیں کی گئیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
دلیر مہندی کی تعریفیں کی گئیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

بھارتی فلموں میں بھنگڑا گیت گانے والے سکھ گلوکار دلیر مہندی نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نبی آخر الزمان ﷺ کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے خصوصی نعتیہ کلام جاری کردیا۔

بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنا میں پیدا ہونے والے گلوکار نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی کلام کو انسٹاگرام اور یوٹیوب پر جاری کیا، جسے کافی پسند کیا جا رہا ہے۔

سکھ گلوکار نے نبی آخر الزمان ﷺ کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لیے جاری کیے گئے خصوصی کلام کو شیئر کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد بھی پیش کی۔

ان کی جانب سے جاری کیے گئے خصوصی کلام کو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے افراد نے بھی سراہا اور ان کے مذہبی ہم آہنگی کے جذبے کی بھی تعریف کی۔

دلیر مہندی کی طرح دیگر بھارتی و غیر مسلمان گلوکار بھی ماضی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی کلام اور اپنے پیغامات جاری کرتے رہے ہیں۔

دلیر مہندی معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ کے بڑے بھائی ہیں، انہوں نے 1995 سے قبل ہی گلوکاری کا آغاز کیا تھا۔

دلیر مہندی کا پہلا میوزک ایلبم ’بولو: تارا را را‘ 1995 میں ریلیز ہوا تھا، جس نے آتے ہی بھارت سمیت پاکستان میں بھی شہرت حاصل کی تھی۔

دلیر مہندی نے جہاں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی کلام جاری کیا ہے، وہیں وہ ماضی میں صوفیانہ کلام بھی ریلیز کرتے رہے ہیں۔

دلیر مہندی کو جہاں پاکستان میں سنا اور پسند کیا جاتا ہے، وہیں وہ بھی پاکستانی موسیقی کو پسند کرتے ہیں جب کہ وقتا بوقتا وہ پاکستانی گلوکاروں کی تعریفیں بھی کرتے رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں