پاکستان اور جرمنی کے درمیان تقریباً 13 کروڑ یورو کے مالی تعاون کا معاہدہ

03 نومبر 2021
معاہدے پر دستخط سے قبل دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات ہوئے — فائل فوٹو / اے پی پی
معاہدے پر دستخط سے قبل دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات ہوئے — فائل فوٹو / اے پی پی

ملک میں مالیاتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے پاکستان اور جرمنی کے درمیان 12 کروڑ 90 لاکھ یورو کے مالی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فنڈز پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں گے جن میں ڈیجیٹل گورننس، سماجی تحفظ، اسٹارٹ اپ کو فروغ، سولر توانائی کے استعمال میں اضافہ، نجی شعبہ صحت میں خواتین کے لیے ملازمت اور ہائیڈرو پاور اور قابل تجدید توانائی کی ترقی شامل ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے جرمنی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کو سراہا۔

مزید پڑھیں: پاکستان، جرمنی کے درمیان قرض ادائیگی میں معطلی کے معاہدے پر دستخط

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی طویل المدتی ترقیاتی شراکت دار ہیں اور میں ترقیاتی تعاون کے 60 سال مکمل ہونے پر دونوں فریقین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

معاہدے پر دستخط سے قبل دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات میں سیکریٹری اقتصادی امور میاں اسد حیاالدین نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ جرمن وفد کی قیادت وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی میں ایشیا کی کمشنر گیسیلا ہمرشمیت نے کی۔

مذاکراتی اجلاس میں جرمن دفتر خارجہ، کے ایف ڈبلیو، جی آئی زیڈ اور وفاقی ادارہ برائے جیو سائنسز و قدرتی وسائل (بی جی آر) کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، جرمنی کے ساتھ نئے اقتصادی تعلقات چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

دونوں فریقین نے موجودہ ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا اور 1961 سے مختلف شعبہ جات میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مذاکرات کے نتیجے میں جرمنی کی جانب سے مستقبل میں پاکستان میں ترقیاتی تعاون کے لیے موجودہ منصوبوں میں مزید 12 کروڑ 90 لاکھ یورو شامل کرنے کا عزم کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں