عمر بڑھنے کے باوجود جوان رہنے کا آسان نسخہ جان لیں

24 نومبر 2021
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ جسم اور خاص طور پر دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں؟ تو گھر کے عام کام کرنا عادت بنالیں۔

یہ بات سنگاپور میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے معمر افراد جو گھر کے کاموں کو کرنا معمول بنالیتے ہیں ان کی یادداشت اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا کہ گھر کے روزمرہ کے کام 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی ٹانگوں کی مضبوطی بھی دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے اور گرنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تحقیق میں جائزہ لیا گیا تھا کہ گھر کے عام جیسے صفائی یا دیگر بڑھتی عمر کے ساتھ صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں یا نہیں، اس مقصد کے لیے 21 سے 90 سال کی عمر کے لگ بھگ 500 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں ان افراد کی چہل قدمی کی رفتار، ایک کرسی سے اٹھنے کی رفتار، دماغی صلاحیتوں اور یادداشت کو مختلف ٹیسٹوں سے جانچا گیا۔

ان افراد سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ کس حد تک گھر کے کام کرتے ہیں اور دیگر جسمانی سرگرمیاں کیا ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 65 سال سے کم عمر ایک تہائی جبکہ 50 فیصد معمر افراد تجویز کی گئی جسمانی سرگرمیوں کا حصہ بنتے ہیں۔

مگر 61 فیصد 64 سال یا اس سے کم عمر اور 66 فیصد معمر افراد اس ہدف کو گھریلو کاموں سے حاصل کرلیتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق مجموعی طور پر ہلکی اور بھاری گھریلو کاموں سے معمر افراد کے دماغی افعال کو فائدہ ہوتا ہے کم عمر لوگوں کو نہیں۔

ایسے معمر افراد جو گھر کے بھاری کام کرتے ہیں وہ توجہ مرکوز کرنے والے ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ہلکی پھلکے کام کرنے والوں نے یادداشت کے ٹیسٹوں میں بہتر کارکردیگ کا مظاہرہ کیا۔

ہلکے پھلکے گھریلو کاموں میں برتن دھونا، چیزوں کو جھاڑنا، بستر ٹھیک کرنا، کپڑے لٹکانا، استری کرنا وغیرہ جبکہ بھاری کام جیسے کھڑکیوں کی صفائی، قالین صاف کرنا، ویکیوم کلینر کا استعمال، فرش دھونا اور سلائی وغیرہ شامل تھے۔

محققین نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ہلکے اور بھاری کاموں کا امتزاج دماغی افعال کو بہتر کرنے سے منسلک ہے بالخصوص توجہ مرکوز کرنے اور یادداشت کے شعبے میں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے بی ایم جے اوپن میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں